امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون کے نئے ماڈل لانچ کر دیے ہیں اور دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فون کی قیمت کو کم رکھنے کی کوشش کی ہے۔
رواں سال کی سب سے بڑی لانچ میں کمپنی نے اپنی مصنوعات کی توجہ نئی تکنیکی چیزوں کو مزید خوبصورت انداز میں پیش کرنے کے بجائے اس کے حفاظتی نظام کو بہتر بنانے پر مرکوز کی ہے۔
کمپنی کی جانب سے آئی فون 14 دو سائز میں متعارف کروایا گیا یعنی معمول کے آئی فون 14 اور بڑی سکرین یا ڈسپلے کے ساتھ آئی فون 14 پلس۔
امریکہ میں آئی فون 14 کی رونمائی کے دوران دکھایا گیا کہ نئے فون میں ایمرجنسی سیٹلائیٹ کنکٹیویٹی اور کار کریش ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی بھی موجود ہے۔
اپیل کمپنی کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب کے دوران نئے فون کے چار ورژن متعارف کروائے گئے ہیں۔
عالمی وبا کے بعد منعقد کی گئی تقریب میں پہلی مرتبہ عام لوگوں کو بھی شریک ہونے کی اجازت تھی۔
تقریب میں ایپل نے دی واچ الٹرا کی بھی رونمائی کی لیکن لوگوں کی توجہ کا مرکز نیکسٹ جنریشن کے آئی فون اور ایئر پاڈ ہی رہے۔
تقریب میں دکھائی گئی پریزنٹیشن پہلے سے ریکارڈ شدہ تھی تاہم سٹیج پر ایپل کے سی ای او ٹم کک موجود تھے۔