پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے سیمی فائنل میں 7 وکٹوں سے شکست دیکر ٹی20 ورلڈکپ 2022 کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیوی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز اسکور کیے، ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 105 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی، جس نے فتح کی بنیاد رکھی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم نے 42 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ محمد رضوان نے 57 رنز اسکور کیے، نوجوان بیٹر محمد حارث 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کا کوئی بالر خاطر خواہ کارکردگی دیکھانے میں ناکام رہا، ٹرینٹ بولٹ نے 2 جبکہ مچل سینٹنر ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
قبل ازیں کپتان کین ولیمسن نے 46 اور ڈیرل مچل 53 کی اننگز کی بدولت کیویز نے پاکستان کو جیت کیلئے 153 رنز کا ہدف دیا تھا، نیوزی لینڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں فن ایلن 4، ڈیون کونوے 21، گلین فلپس 6، جیمز نیشم 14 رنز بناسکے تھے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
Pakistan beat New Zealand by seven wickets to reach T20 World Cup final