ممبئی: بالی ووڈ کے سُپر اسٹار عامر خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ مختصر عرصے کیلئے اداکاری سے وقفہ لینا چاہتے ہیں۔ حال ہی میں ایک انٹرویو میں ’مسٹر پرفیکٹ‘ کے نام سے مشہور عامر خان نےاعلان کیا ہے کہ وہ اب فلموں سے ایک یا ڈیڑھ سال کا وقفہ لینا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں اور والدہ کے ساتھ وقت گزارنے کے باعث فلموں سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اب وہ زندگی مختلف طریقے سے جینا چاہتے ہیں۔
عامر خان نے کہا کہ ’جب میں بطور اداکار فلمیں کرتا ہوں تو اس طرح مصروف ہو جاتا ہوں کہ میری زندگی میں اور کچھ نہیں بچتا، میں لال سنگھ چڈھا کے بعد چیمپیئنز نامی ایک فلم کرنے کے بارے میں سوچ رہا تھا جس کی کہانی بہت خوبصورت اور دل کو بھانے والے تھی‘۔
#AamirKhan will produce #Champions.
Aamir shared “It's a wonderful script, it's a beautiful story, and it’s a very heartwarming and lovely film but I feel I want to take a break. I want to be with my family, I want to be with my mom and my kids." pic.twitter.com/GMFU78Jmtj
— Ashwani kumar (@BorntobeAshwani) November 14, 2022
انہوں نے مزید کہا کہ ’لیکن مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ مجھے وقفہ لینا چاہیےتاکہ میں اپنی فیملی، اپنی والدہ اور بچوں کے ساتھ رہ سکوں میں یہ کام 35 برس سے کر رہا ہوں اور میں نے پوری توجہ سے یہ کام کیا ہے، مجھے لگتا ہے کہ میں اپنے قریب رہنے والے لوگوں کے ساتھ ٹھیک نہیں کر رہا ‘۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ چند سال اداکاری نہیں کریں گے تاہم بطورِ پروڈیوسر کام کریں گے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ ریلیز ہوئی تھی جو باکس آفس پر تو ناکام ہوئی مگر نیٹ فلکس پر کامیاب رہی جس کے بعد عامر نے اپنی مشہور فلم ’فنا‘ کے کئی سالوں بعد کاجول کے ساتھ ان کی آنے والی نئی فلم ’سلام وینکی‘ میں مختصر کردار ادا کیا ہے۔