وزیراعظم نریندر مودی نے آج انڈونیشیا کے شہر بالی میں خوراک اور توانائی کی یقینی فراہمی کے معاملے پر G20 کے پہلے ورکنگ اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کی تبدیلی کووڈ-19 عالمی وبا، یوکرین کے واقعات اور اس سے وابستہ عالمی مسائل نے دنیا میں تباہی برپا کی ہے اور عالمی سپلائی چَین تباہ حال ہو گئی ہے۔
یوکرین کے تنازعے پر مودی نے جنگ بندی اور سفارتکاری کے راستے پر واپس آنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کووڈ کے بعد کے دور کے لیے نئے عالمی نظام کی تشکیل کی ذمہ داری G20 کے رہنماﺅں پر عائد ہوتی ہے۔ مودی نے کہا کہ عالمی ترقی کے لیے بھارت کی توانائی کی یقینی فراہمی بہت اہمیت کی حامل ہے اور دنیا کو توانائی کی سپلائی پر کسی قسم کی بندش کی حوصلہ افزائی نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خوراک کی یقینی فراہمی کے ضمن میں فرٹیلائزرز کی موجودہ قلت ایک بڑا بحران ہے۔ مودی نے کہا کہ بھارت قدرتی کاشتکاری کو فروغ دے رہا ہے اور خوراک کی پائیدار یقینی فراہمی کے لیے تغذیہ بخش اور روایتی اجناس جیسے موٹے اناجوں کو دوبارہ مقبول بنا رہا ہے۔