سعودی عرب میں 150 سال پرانا غلافِ کعبہ نمائش کے لیے پیش کردیا گیا جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ نمائش کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی ثقافت سے متعلق سعودی ادارے کی سربراہ فرح ابوشلیح نے کہا کہ یہ نمائش شعور کے ایک سفر کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں 150 سال پرانے غلافِ کعبہ کی پہلی مرتبہ زیارت کی جا رہی ہے۔ کسویٰ یعنی اس غلافِ کعبہ کو سیاہ ریشم سے تیار کیا گیا ہے جس میں سرخ اور سبز رنگ کے ریشم کا بھی استعمال کیا گیا ہے، اسے چاندی کے تاروں سے کی گئی کڑھائی سے مزین کیا گیا ہے۔
قدیم غلافِ کعبہ کو دیکھنے والے ایک شخص نے کہا کہ مجھے پہلی مرتبہ معلوم ہوا کہ غلافِ کعبہ کی تیاری میں سیاہ رنگ کے سوا بھی کوئی رنگ استعمال کیا جاسکتا ہے۔