آسٹریلیا کی 200 سے زائد انٹرنیشنل میچز میں نمائندگی کرنے والے سابق آل راؤنڈ کرکٹر اینڈریو سائمنڈز کی ایک کار حادثے میں موت ہو گئی ہے۔46 سالہ سابق ٹیسٹ کرکٹر کی کار کو حادثہ آسٹریلیا کی ریاست کوئنزلینڈ کے شہر ٹاؤنزوِل میں پیش آیا ۔
پولیس کے مطابق حادثہ ہفتے کی رات کو اس وقت پیش آیا جب سائمنڈز کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔ جائے حادثہ پر پیرا میڈیکس نے انہیں طبی امداد تو مہیا کی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
سن 1998 سے لے کر 2009 کے درمیان آسٹریلیا کے لیے 198 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کے ساتھ ساتھ 26 ٹیسٹ اور 14 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے اینڈریو سائمنڈز ریٹائرمنٹ کے بعد کرکٹ مبصر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔