جھارکھنڈ میں ایک اور مسلم شخص کو ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا

حیدرآباد (دکن فائلز) جھارکھنڈ کے گوڈا ضلع میں گائے چوری کے شبہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 45 سالہ مسلم شخص کو مبینہ طور پر ہجوم نے تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔ یہ واقعہ بدھ کی رات پورائیہات تھانہ علاقے کے تحت مٹہانی گاؤں میں پیش آیا۔

نیو انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق مقتول کی شناخت پپو انصاری کے طور پر ہوئی ہے، جو پاتھراگاما تھانہ حدود کے رانی پور گاؤں کا رہائشی تھا۔ پولیس کے مطابق چند افراد نے اسے مبینہ طور پر مویشی چوری کے الزام میں پکڑ کر بری طرح زد و کوب کیا، جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔

واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جے پی این چودھری نے بتایا کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ واقعہ کن حالات میں پیش آیا اور اس میں کون کون افراد ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی مزید تفصیلات فراہم کی جا سکیں گی۔

ڈی ایس پی کے مطابق مقتول کا ماضی میں مجرمانہ ریکارڈ بھی رہا ہے اور وہ کئی مرتبہ جیل جا چکا تھا۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کا کسی کو حق نہیں ہے اور اس واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

یہ واقعہ ایک بار پھر ملک میں ہجوم کے ہاتھوں تشدد اور قانون کی خلاف ورزی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں