والدین متوجہ ہوں: تلنگانہ میں محکمہ صحت کی ہنگامی ایڈوائزری! بچوں کے Almont سیرپ پر فوری پابندی، دوا زہریلی قرار

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ ڈرگز کنٹرول ایڈمنسٹریشن (TGDCA) نے ہفتہ کے روز ایک ہنگامی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے بچوں میں الرجی، ہی فیور اور دمہ کے علاج کے لیے استعمال ہونے والے Almont-Kid Syrup کے فوری استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ حکام کے مطابق یہ سیرپ نہایت خطرناک اور زہریلے کیمیکل ایتھیلین گلائکول (Ethylene Glycol – EG) سے آلودہ پایا گیا ہے۔

ٹی جی ڈی سی اے کی جانب سے جاری نوٹس میں بتایا گیا کہ یہ کارروائی سنٹرل ڈرگز اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (CDSCO)، ایسٹ زون، کولکاتا کی جانب سے موصول ہونے والی لیبارٹری رپورٹ کے بعد کی گئی، جس میں سیرپ کو باقاعدہ طور پر ملاوٹ شدہ (Adulterated) قرار دیا گیا ہے۔ یہ سیرپ Levocetirizine Dihydrochloride اور Montelukast Sodium پر مشتمل ہے، جو عام طور پر بچوں میں الرجی اور سانس کی بیماریوں کے لیے تجویز کیا جاتا ہے۔

ایڈوائزری میں عوام کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ اگر ان کے پاس یہ دوا موجود ہے تو فوری طور پر اس کا استعمال بند کریں اور قریبی ڈرگز کنٹرول اتھارٹی کو اطلاع دیں۔ عوام ٹول فری نمبر 1800-599-6969 پر بھی براہ راست اطلاع دے سکتے ہیں، جو تمام کام کے دنوں میں دستیاب ہے۔

نوٹس کے مطابق متاثرہ دوا کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
Almont-Kid Syrup
بیچ نمبر: AL-24002
تیاری کی تاریخ: جنوری 2025
میعاد ختم: دسمبر 2026
تیار کنندہ: Tridus Remedies
پتہ: حاجی پور، ویشالی، بہار

حکام نے واضح کیا کہ ایتھیلین گلائکول، مہلک صنعتی کیمیکل ڈائی ایتھیلین گلائکول (DEG) سے قریبی تعلق رکھتا ہے، جو حال ہی میں مدھیہ پردیش میں کم از کم 24 بچوں کی اموات سے جوڑا جا چکا ہے۔ اسی سنگین پس منظر کے باعث تلنگانہ میں فوری اور سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ریاست بھر کے تمام ڈرگ انسپکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ریٹیلرز، ہول سیلرز، ڈسٹری بیوٹرز اور اسپتالوں کو فوری طور پر الرٹ کریں اور اس بیچ کا تمام دستیاب اسٹاک ضبط (فریز) کر کے اس کی فروخت یا تقسیم مکمل طور پر روکیں۔ ٹی جی ڈی سی اے نے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے صورتحال پر مسلسل نگرانی رکھی جا رہی ہے اور قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
https://x.com/DCATelangana/status/2009837772203536869

اپنا تبصرہ بھیجیں