سائبر جرائم کے متاثرین کے لیے حیدرآباد پولیس کی نئی اور شاندار پہل

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد پولیس نے سائبر جرائم کے متاثرین کو فوری اور آسان مدد فراہم کرنے کے مقصد سے ’سائبر مترا C-Mitra’ کے نام سے ایک نیا خصوصی پروگرام شروع کیا ہے۔ بشیرباغ میں واقع سنٹرل کرائم اسٹیشن (CCS) میں قائم اس خصوصی سیل کا افتتاح حیدرآباد کے کمشنر پولیس سی وی سجنار نے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سی پی (کرائمز) سرینواس بھی موجود تھے۔

پولیس کے مطابق، سائبر جرائم میں مسلسل اضافے کے باعث متاثرین کو شکایت درج کرانے میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل یا 1930 ہیلپ لائن پر شکایت درج کرانے کے بعد بہت سے افراد پولیس اسٹیشن جانے سے قاصر رہتے ہیں، خاص طور پر بزرگ افراد یا مصروف ملازمین۔ بعض لوگ بدنامی کے خوف سے بھی شکایت ادھوری چھوڑ دیتے ہیں۔

ان مسائل کے حل کے لیے سائبر متر سیل قائم کیا گیا ہے، جس کے تحت پولیس اہلکار خود متاثرین سے فون کے ذریعے رابطہ کر کے شکایت کی تفصیلات حاصل کریں گے۔ ضرورت پڑنے پر شکایت ڈاک یا ڈراپ باکس کے ذریعہ بھی قبول کی جائے گی۔ اس کے علاوہ متاثرین قریبی پولیس اسٹیشن میں بھی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

اس سیل میں زیرو ایف آئی آر درج کر کے متعلقہ پولیس اسٹیشن کو بھیجی جائے گی، جہاں 24 گھنٹوں کے اندر ایف آئی آر درج کر کے اس کی کاپی متاثرہ شخص کو فراہم کی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نظام سے شکایتی عمل آسان ہوگا اور متاثرین کو تھانوں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

حیدرآباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا جھجھک سائبر جرائم کی شکایت درج کرائیں، کیونکہ سائبر متر کے ذریعے انہیں براہِ راست پولیس کی مدد اور تیز انصاف فراہم کرنا ہی اس پروگرام کا بنیادی مقصد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں