ٹرمپ کی فرعون سے تشبیہ!! ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکہ کو للکارا

حیدرآباد (دکن فائلز) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فرعون سے تشبیہ دیتے ہوئے سخت لب و لہجے میں للکارا ہے اور کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ غرور میں ڈوبے حکمرانوں کا انجام ہمیشہ عبرتناک ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرعون، نمرود اور رضا شاہ کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہی انجام ٹرمپ کا بھی ہوگا۔

آیت اللہ خامنہ ای نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک قدیم فرعون کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔ تصویر میں فرعونی طرز کا ایک ٹوٹتا ہوا تابوت نظر آتا ہے، جو ٹرمپ سے مشابہ ہے، جبکہ اس کے ساتھ کیپشن درج تھا: فرعون کی طرح۔

فارسی زبان میں جاری اپنے پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ “غرور میں مبتلا وہ حکمران جو دنیا پر فیصلے مسلط کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاریخ میں کبھی باقی نہیں رہے۔ فرعون، نمرود، رضا خان اور محمد رضا شاہ جیسے طاقتور حکمران بھی اقتدار کے عروج پر ہی زوال کا شکار ہوئے۔ یہ شخص بھی اسی انجام سے دوچار ہوگا۔”

آیت اللہ خامنہ ای کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں ایران کے خلاف سخت بیانات دیے ہیں اور ایران میں جاری احتجاجی مظاہروں کے حوالے سے کھلی دھمکیاں بھی دی ہیں۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا اور اسرائیل کو ایران میں جاری بدامنی اور مظاہروں کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں ممالک ایرانی عوام کو اشتعال دلا رہے ہیں۔ ایرانی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا: “امریکہ اور اسرائیل لوگوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ ہم تمہارے ساتھ ہیں، جاؤ تخریب کاری کرو۔ یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے ایران پر حملے کیے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کسی بھی غیر ملکی طاقت کو قوم میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دے گا اور ریاست اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر حد تک جائے گی۔ اسی تناظر میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی واضح کیا کہ امریکا سے مذاکرات کا دروازہ بند نہیں، تاہم اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو ملک جنگ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہم پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ جواب دیں گے۔ فسادات کا مقصد امریکا کو مداخلت کا جواز فراہم کرنا تھا، مگر ایران اس سازش کو ناکام بنائے گا۔”

اپنا تبصرہ بھیجیں