حیدرآباد (دکن فائلز) کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے معتمدِ عمومی، سابق رکنِ اسمبلی اور سالارِ ملت مرحوم سلطان صلاح الدین اویسیؒ کے نہایت بااعتماد ساتھی جناب سید احمد پاشاہ قادری صاحب کا آج منگل 3 فروری 2026 کو انتقال ہو گیا۔ وہ گزشتہ کچھ دنوں سے علیل تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سے سیاسی، سماجی اور بالخصوص مجلس کے حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سید احمد پاشاہ قادری صاحب کا شمار مجلس اتحاد المسلمین کے ان وفادار اور متحرک قائدین میں ہوتا تھا جنہوں نے پارٹی کی تنظیمی مضبوطی اور عوامی خدمات میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ مرحوم سلطان صلاح الدین اویسیؒ کے نہایت قریبی ساتھی اور پارٹی کے قابلِ اعتماد رکن رہے اور طویل عرصے تک مجلس کی قیادت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے۔
سیاسی اعتبار سے ان کا سفر نہایت کامیاب اور مسلسل عوامی اعتماد کا مظہر رہا۔ انہوں نے چارمینار اسمبلی حلقہ سے 2004، 2009، 2014 اور 2018 کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور چار مرتبہ رکنِ اسمبلی منتخب ہوئے۔ اپنی سادگی، عوام سے قربت اور مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششوں کے باعث وہ حلقے میں خاصی مقبولیت رکھتے تھے۔
2023 کے تلنگانہ اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کی جانب سے انہیں یاقوت پورہ اسمبلی حلقہ سے امیدوار کے عہدے سے سبکدوش کیا گیا، تاہم اس کے باوجود وہ مجلس اتحاد المسلمین سے وابستہ رہے اور آخری وقت تک پارٹی کے معتمدِ عمومی (جنرل سیکریٹری) کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔
مرحوم کی وفات کو ملتِ اسلامیہ، حیدرآباد کی سیاست اور مجلس اتحاد المسلمین کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کی مغفرت کرے، انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور پسماندگان، اہلِ خانہ اور تمام کارکنانِ مجلس کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
اِنَّا لِلّٰهِ وَاِنَّا اِلَيْهِ رَاجِعُون۔
تفصیلات کا انتظار ہے۔۔۔


