حیدرآباد: تروپ بازار میں مسلم آٹو ڈرائیور پر مبینہ حملہ!

حیدرآباد (دکن فائلز) شہر کے مصروف تجارتی علاقہ تروپ بازار میں ایک مسلم آٹو رکشہ ڈرائیور پر مبینہ طور پر پانچ سے چھ افراد نے حملہ کر دیا، جس کے بعد علاقہ میں کچھ دیر کے لیے کشیدگی پیدا ہو گئی۔

یہ واقعہ سلطان بازار پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع تروپ بازار میں پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متاثرہ آٹو ڈرائیور کو نامعلوم افراد نے مہاویر سنیٹری اینڈ ہارڈویر کے قریب بلایا اور وہاں پہنچنے کے بعد مبینہ طور پر اس پر حملہ کر دیا۔

مقامی لوگوں کے مطابق منگل کی رات 10 مارچ کو آٹو ڈرائیور سڑک سے گزر رہا تھا کہ اسی دوران پانچ سے چھ افراد نے اسے روک کر بحث شروع کر دی۔ بحث تیز ہونے کے بعد ملزمان نے مبینہ طور پر اسے بری طرح مارا پیٹا اور اس کی آٹو رکشہ کو بھی نقصان پہنچایا۔

واقعہ دیکھنے والے راہگیروں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی آٹو ڈرائیور کو طبی معائنہ اور علاج کے لیے عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ ڈرائیور کی شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں