تلنگانہ میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی: حیدرآباد سمیت کئی اضلاع میں الرٹ جاری

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں محکمہ موسمیات نے آئندہ چار دنوں کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ماہرین کے مطابق کرناٹک اور تمل ناڈو سے کومورین خطے تک ہوا کے کم دباؤ کے اثر سے ریاست میں یہ غیر موسمی بارشیں ہو رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رنگاریڈی، محبوب نگر، ونپرتی، وقارآباد، گدوال اور ناگر کرنول اضلاع میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران انتہائی شدید بارش کا امکان ہے۔ اس دوران 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

حیدرآباد کے لیے بھی خصوصی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جنوبی حیدرآباد کے علاقوں پر گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں اور مہیشورم، شاد نگر کی جانب سے بادل شہر میں داخل ہو چکے ہیں۔ شمش آباد، راجندر نگر، بہادر پورہ، چارمینار، ایل بی نگر اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ گرج چمک کے دوران کھلے مقامات، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں، جبکہ تیز ہواؤں کے سبب کمزور ڈھانچوں اور درختوں کے گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ کسانوں کو بھی اپنی فصلوں اور اناج کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں