تلنگانہ میں عمارت کی تعمیر (بلڈنگ رولز) کے قواعد میں بڑی تبدیلیاں، نئی گائیڈ لائنز جاری (تفصیلات)

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کی حکومت نے تعمیراتی شعبہ میں شفافیت اور نظم و ضبط کو فروغ دینے کے لیے اہم فیصلے کرتے ہوئے نئے قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں۔ ان نئی ہدایات کے تحت ٹرانسفریبل ڈیولپمنٹ رائٹس (TDR) کے استعمال کو منظم کیا گیا ہے اور ہائی رائز عمارتوں کی تعریف بھی واضح کر دی گئی ہے۔

حکومت کے مطابق اب 21 میٹر سے زائد اونچائی والی عمارتوں کو ہائی رائز تصور کیا جائے گا۔ نئے اصولوں کے تحت 2000 مربع میٹر سے زائد رقبے والے پلاٹس پر اضافی منزلوں کی تعمیر کی اجازت دی گئی ہے۔ اسی طرح 40 فٹ چوڑی سڑک کے ساتھ 3 اضافی منزلیں، 60 فٹ سڑک پر 4 اور 80 فٹ سڑک کے قریب 5 اضافی منزلیں بنانے کی اجازت دی گئی ہے۔

حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ 10 منزلوں سے زائد عمارتوں کے لیے TDR کا استعمال لازمی ہوگا، جبکہ 20 منزلوں سے اونچی عمارتوں کے لیے 5 فیصد TDR لوڈنگ دی جائے گی۔ 750 سے 2000 مربع میٹر کے پلاٹس پر 18 سے 21 میٹر اونچی عمارتوں کے لیے بھی TDR لازمی قرار دیا گیا ہے۔

سیٹ بیک کے حوالے سے بھی نرمی دی گئی ہے، جہاں نان ہائی رائز عمارتوں کو رعایت دی جائے گی، جبکہ ہائی رائز عمارتوں میں 10 فیصد تک سیٹ بیک ریلیکسیشن کی اجازت ہوگی۔ مزید برآں، بلڈنگ پرمیشن کے وقت 50 فیصد TDR جمع کرانا لازمی ہوگا اور بقیہ 50 فیصد آکیوپینسی سرٹیفکیٹ سے قبل جمع کرانا ہوگا۔

حکام کے مطابق ان نئی پالیسیوں سے ریاست میں تعمیراتی شعبہ میں نمایاں تبدیلیاں آئیں گی اور غیر منظم تعمیرات پر قابو پایا جا سکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں