حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت نے تعلیمی سال 2025-26 کے لیے موسمِ گرما کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ریاست بھر کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں میں 24 اپریل سے 11 جون تک چھٹیاں رہیں گی، جبکہ 12 جون 2026 سے نئے تعلیمی سال 2026-27 کا آغاز ہوگا۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق اس بار طلبہ کو مجموعی طور پر تقریباً 48 دنوں کی طویل تعطیلات ملیں گی۔ شدید گرمی کے پیشِ نظر یہ فیصلہ طلبا کی صحت اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا گیا ہے۔
کچھ اسکولوں میں سالانہ امتحانات اپنے آخری مرحلے میں ہیں جبکہ کچھ اسکولوں میں سالانہ امتحانات کا کچھ روز میں آغاز ہونا ہے۔ اس دوران طلبا بے صبری سے تعطیلات کا انتظار کر رہے تھے۔ اعلان کے بعد طلبا اور والدین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور تعطیلات کے موقع پر پروگرامس کو ترتیب دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ حکومت نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ اگر نصاب مکمل کرنے میں دشواری ہو تو ہفتہ وار اضافی کلاسز کا انعقاد کیا جائے تاکہ تعلیمی عمل متاثر نہ ہو۔


