تلنگانہ آر ٹی سی ہڑتال میں شدت: ڈرائیور نے خود کو آگ لگالی، شنکر گوڑ کی موت پر وزیراعلیٰ کا اظہار افسوس

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جاری ہڑتال ایک افسوسناک موڑ اختیار کر گئی، جب نرسم پیٹ ڈپو سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور شنکر گوڑ نے خود کو آگ لگا لی، جس کے بعد وہ شدید زخمی ہو کر جان کی بازی ہار گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شنکر گوڑ نے احتجاج کے دوران خود پر پٹرول ڈال کر آگ لگا لی، انہیں 85 فیصد سے زیادہ جھلسنے کے زخم آئے، انہیں علاج کےلئے پہلے ورنگل اور بعد میں حیدرآباد منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے اور انتقال کر گئے۔

اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں تلگنڈہ میں ایک اور ڈرائیور نے خودسوزی کی کوشش کی، ایک ملازم نے زہر پی کر خودکشی کی کوشش کی، یہ تمام واقعات ہڑتال کے دوران بڑھتی مایوسی کو ظاہر کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایسے انتہائی اقدامات مسائل کا حل نہیں، حکومت ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے اور یونین رہنماؤں سے مذاکرات کا عمل جاری ہے۔

حکومت نے وزراء کی ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو ملازمین کے مطالبات پر غور کرے گی۔

ہڑتال کے باعث کئی دنوں سے بس خدمات متاثر، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا اور ٹرانسپورٹ نظام جزوی طور پر مفلوج پوگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں