فوٹو بشکریہ Getty
حیدرآباد (دکن فائلز) یورپی ملک نیدرلینڈز میں شاہی خاندان کے خلاف ایک خطرناک قتل کی سازش بے نقاب ہوئی ہے، جس میں دو شہزادیوں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق 33 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا، جس پر الزام ہے کہ اس نے شہزادی کیتھرینا-امالیا اور ان کی بہن شہزادی الیکسیا کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے دو کلہاڑیاں برآمد کیں جن پر “Alexia”، “Mossad” اور “Sieg Heil” جیسے الفاظ درج تھے، جو نازی نظریات کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک تحریری نوٹ بھی ملا جس میں “Amalia”، “Alexia” اور “bloodbath” (خونریزی) جیسے الفاظ درج تھے۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ فروری میں ہی ناکام بنا دیا گیا تھا، تاہم اس کی تفصیلات اب سامنے آئی ہیں۔ ملزم کو جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ اس کے محرکات تاحال واضح نہیں کیے گئے۔
شہزادی کیتھرینا-امالیا، جو نیدرلینڈز کے تخت کی وارث ہیں، پہلے بھی متعدد دھمکیوں کا سامنا کرچکی ہیں، جن میں اغوا کی سازشیں بھی شامل ہیں۔ ان خطرات کے باعث انہیں ماضی میں اپنی معمول کی زندگی چھوڑ کر سخت سیکیورٹی میں رہنا پڑا۔


