حیدرآباد (دکن فائلز) دہلی کی ایک عدالت نے 2020 دہلی فسادات کیس میں گرفتار سابق جے این یو طالب علم رہنما عمر خالد کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔
رپورٹس کے مطابق عمر خالد نے اپنی شدید علیل والدہ کی دیکھ بھال کیلئے عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ عدالت میں ان کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر محدود مدت کیلئے رہائی دی جانی چاہیے تاکہ وہ اپنی والدہ کی عیادت اور دیکھ بھال کر سکیں۔
تاہم استغاثہ نے اس درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ سنگین نوعیت کا ہے اور ملزم پر عائد الزامات انتہائی حساس ہیں۔ عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد عبوری ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔
واضح رہے کہ عمر خالد پر دہلی فسادات سازش کیس کے تحت یو اے پی اے سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔ ان کی ضمانت سے متعلق معاملات ماضی میں بھی قومی سطح پر بحث کا موضوع بنتے رہے ہیں۔
انسانی حقوق کارکنان اور طلبا تنظیموں نے عدالت کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا۔


