حیدرآباد (دکن فائلز) حج 2026 کے اختتام کے بعد سعودی عرب نے نئے عمرہ سیزن 1448 ہجری کے لیے ویزوں کا اجرا شروع کردیا ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے اعلان کے مطابق 31 مئی 2026، یعنی 14 ذوالحجہ 1447 ہجری سے عمرہ ویزوں کی درخواستیں وصول کی جارہی ہیں۔
وزارت کے مطابق نئے عمرہ سیزن کے تحت بیرون ملک سے آنے والے زائرین کے لیے مرحلہ وار انتظامات کیے گئے ہیں۔ زائرین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سرکاری پلیٹ فارمز اور منظور شدہ ذرائع کے ذریعہ ہی ویزا اور اجازت ناموں کی کارروائی مکمل کریں تاکہ کسی بھی جعلسازی یا غیر قانونی ایجنٹوں سے بچا جاسکے۔
رپورٹس کے مطابق یکم جون 2026 سے عمرہ زائرین نسک ایپ کے ذریعہ مکہ مکرمہ میں داخلے اور عمرہ اجازت ناموں کے لیے رجسٹریشن کرسکیں گے۔ سعودی حکومت نے کہا ہے کہ حج کے کامیاب اختتام کے بعد عمرہ زائرین کے استقبال کے لیے خدماتی، انتظامی اور تکنیکی شعبوں کو تیار کردیا گیا ہے۔
حج کے دوران لاکھوں عازمین کو منیٰ، عرفات، مزدلفہ اور حرمین شریفین میں سہولتیں فراہم کرنے کے بعد اب سعودی حکام عمرہ سیزن کے لیے زائرین کی آمد کو منظم انداز میں شروع کر رہے ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ نئے سیزن میں عمرہ زائرین کو بہتر خدمات، آسان اجازت نامہ نظام اور محفوظ سفر فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
عمرہ کے خواہشمند افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل ویزا، اجازت نامہ، رہائش اور ٹرانسپورٹ سے متعلق تمام تفصیلات کی تصدیق سرکاری ذرائع سے کریں۔


