عیدگاہ کے باہر سڑک پر نماز ادا کرنے کا الزام، بجنور میں 40 افراد کے خلاف مقدمہ درج

حیدرآباد (دکن فائلز) اتر پردیش کے ضلع بجنور میں عیدالاضحیٰ کی نماز کے دوران عیدگاہ کے باہر عوامی سڑک پر نماز ادا کرنے کے الزام میں 40 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے 15 افراد کو نامزد کیا ہے جبکہ دیگر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ محمود پور مارگ پر واقع عیدگاہ کے قریب پیش آیا جہاں عیدالاضحیٰ کی نماز کے لیے بڑی تعداد میں نمازی جمع ہوئے تھے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عیدگاہ کے اندر گنجائش کم پڑنے اور غیر معمولی ہجوم کے باعث بعض افراد سڑک کے کنارے نماز ادا کرنے لگے۔

واقعہ کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ کوتوالی کے انچارج انسپکٹر راہل سنگھ کی شکایت پر درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ نے نمازیوں کو سڑک پر نماز ادا نہ کرنے اور متبادل مقامات استعمال کرنے کی ہدایت دی تھی، تاہم بعض افراد نے اس پر عمل نہیں کیا۔

پولیس کی جانب سے درج مقدمہ میں سلمان، نور بخش، اعجاز، سلیم، ممتاز، عبدالرؤف، بدرالدین، وکیل الدین، چمن عرف سیف الدین اور یوسف سمیت 15 افراد کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ دیگر افراد کی شناخت ویڈیو فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے کی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی ریاستی حکومت کی ان ہدایات کے تناظر میں کی گئی ہے جن کے مطابق عوامی سڑکوں اور شاہراہوں پر مذہبی اجتماعات منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی تاکہ ٹریفک اور عوامی نقل و حرکت متاثر نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں