حیدرآباد (دکن فائلز) ودربھ کے تعلیمی حلقوں کے لیے ایک انتہائی فخر اور خوشی کی خبر سامنے آئی ہے۔ بھنڈارا سے تعلق رکھنے والی ہونہار طالبہ نمیرہ محمد غالب صدیقی نے نیشنل ایلیجیبلٹی کم انٹرنس ٹیسٹ برائے ماسٹر آف ڈینٹل سرجری (NEET MDS) میں آل انڈیا فرسٹ رینک حاصل کر کے ملک بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔
نمیرہ صدیقی اس وقت سورگیہ داداصاحب کالمیگھ اسمرتی ڈینٹل کالج اینڈ ہاسپٹل، واناڈونگری میں زیر تعلیم ہیں۔ ان کی اس شاندار کامیابی پر ناگپور اور پورے ودربھ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور تعلیمی حلقے انہیں مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔
ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والی نمیرہ کے والد کاروبار سے وابستہ ہیں جبکہ والدہ گھریلو خاتون ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابی کا راز سخت محنت، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کو قرار دیا۔ نمیرہ کے مطابق وہ زیادہ تر رات کے وقت مطالعہ کرتی تھیں کیونکہ خاموش ماحول میں توجہ مرکوز کرنا ان کے لیے آسان تھا۔
انہوں نے بتایا کہ تیاری کے دوران وہ روزانہ صرف پانچ گھنٹے سوتی تھیں اور باقی وقت پڑھائی اور مشق میں صرف کرتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں کے سوالیہ پرچوں کو حل کرنے کی مسلسل مشق نے امتحان میں غیر معمولی مدد فراہم کی۔
نمیرہ صدیقی نے کہا کہ ان کا خواب ایک کامیاب ڈینٹل سرجن بننا ہے اور وہ مستقبل میں دندان سازی کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینا چاہتی ہیں۔
کالمیگھ ڈینٹل کالج کے چیئرمین ہیمنت کالمیگھ نے اس کامیابی کو چھوٹے شہروں کے طلبہ کے عزم اور صلاحیت کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ملک بھر کے طلبہ قومی سطح کے انتہائی مسابقتی امتحانات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔


