تلنگانہ میں 18 جون سے شدید بارشوں کا امکان، حکومت ہائی الرٹ

حیدرآباد (دکن فائلز) محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی جانب سے تلنگانہ میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد ریاستی حکومت نے تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق 18 جون سے ریاست کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے جو ایک ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی ہدایت پر وزیرِ ریونیو و ڈیزاسٹر مینجمنٹ پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ بارشوں کے باعث کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔

حکام کے مطابق جنوب مغربی مانسون 8 جون کو جوگولامبا گدوال ضلع کے راستے تلنگانہ میں داخل ہوا تھا اور 14 جون تک جنوبی و وسطی اضلاع تک پھیل چکا ہے۔ آئندہ چند روز میں اس کے پورے ریاست میں پھیلنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے 18 سے 20 جون کے دوران حیدرآباد، رنگا ریڈی اور دیگر اضلاع میں 64.5 سے 115.5 ملی میٹر تک بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اس دوران گرج چمک، آسمانی بجلی اور 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

حکومت نے نشیبی علاقوں، سیلاب کے خطرے والے مقامات اور پانی جمع ہونے والی جگہوں پر خصوصی نگرانی رکھنے کی ہدایت دی ہے جبکہ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسمی انتباہات پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں