حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں انجینئرنگ، ایگریکلچر اور فارمیسی کورسز میں داخلوں کے لیے منعقد ہونے والے TG EAPCET 2026 کے پہلے مرحلے کی کونسلنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔ ریاست بھر کے ایک لاکھ 44 ہزار سے زائد اہل امیدوار آج سے آن لائن رجسٹریشن، پروسیسنگ فیس کی ادائیگی اور سلاٹ بکنگ کا عمل مکمل کر سکتے ہیں۔
سرکاری شیڈول کے مطابق 22 تا 29 جون دستاویزات کی جانچ (سرٹیفکیٹ ویریفکیشن) ہوگی، جبکہ 25 جون سے یکم جولائی تک طلبا ویب آپشنز درج کر سکیں گے۔ 4 جولائی کو موک سیٹ الاٹمنٹ جاری کیا جائے گا اور 10 جولائی تک پہلے مرحلے کی حتمی نشستوں کی الاٹمنٹ مکمل ہونے کا امکان ہے۔
ریاست بھر میں 37 ہیلپ لائن مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں امیدواروں کے سرٹیفکیٹس کی جانچ کی جائے گی۔ اس سال پہلی مرتبہ حسن آبا انجینئرنگ کالج میں بھی ایک نیا مرکز قائم کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق فیس ری ایمبرسمنٹ حاصل کرنے کے لیے امیدوار کے خاندان کی سالانہ آمدنی 2.5 لاکھ روپے سے کم ہونا ضروری ہے اور تازہ انکم سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔ ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی طلبا کو مکمل فیس حکومت ادا کرے گی۔ اسی طرح سرکاری یا مرکزی جونیئر کالجوں میں انٹرمیڈیٹ مکمل کرنے والے طلبا اور ای اے پی سی ای ٹی میں 10 ہزار سے کم رینک حاصل کرنے والے امیدوار بھی مکمل فیس ری ایمبرسمنٹ کے اہل ہوں گے۔
طلبا کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ اپنی رینک اور گزشتہ برسوں کے کٹ آف کو مدنظر رکھتے ہوئے کالج اور برانچ کا انتخاب کریں تاکہ بہتر نشست حاصل کی جا سکے۔


