بڑی خبر: تلنگانہ میں ایس آئی آر کی آخری تاریخ میں ایک بار پھر توسیع، کیا ہے آخری تاریخ؟

حیدرآباد (دکن فائلز) الیکشن کمیشن آف انڈیا (ECI) نے تلنگانہ میں جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR-2026) کے شیڈول میں ایک بار پھر ترمیم کرتے ہوئے ووٹر اندراج (Enumeration) کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق اب بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) گھر گھر جا کر ووٹروں کی تفصیلات جمع کرنے اور اندراج فارم وصول کرنے کا عمل 10 اگست تک جاری رکھ سکیں گے۔ اس فیصلے سے ایسے لاکھوں ووٹروں کو مزید وقت مل گیا ہے جو مقررہ مدت میں اپنے فارم جمع نہیں کرا سکے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق نظرثانی شدہ شیڈول ریاستی انتخابی حکام کی درخواست پر جاری کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل ووٹروں کو انتخابی فہرست میں شامل ہونے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ اس توسیع کا مقصد انتخابی فہرستوں کو زیادہ درست، شفاف اور جامع بنانا ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ اس دوران بوتھ لیول آفیسرز گھر گھر جا کر اندراج فارم تقسیم اور وصول کریں گے، جبکہ جن ووٹروں سے پہلے رابطہ نہیں ہو سکا، ان سے بھی دوبارہ ملاقات کی جائے گی تاکہ کوئی بھی اہل شہری ووٹر لسٹ سے محروم نہ رہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق نظرثانی شدہ پروگرام کے تحت ابتدائی (ڈرافٹ) ووٹر لسٹ 10 اگست کو جاری کی جائے گی۔ اس کے بعد ووٹرز 10 اگست سے 9 ستمبر تک اپنے نام شامل کرنے، حذف کرنے یا کسی بھی غلطی کی اصلاح کے لیے دعوے اور اعتراضات داخل کر سکیں گے۔ ان تمام درخواستوں کی سماعت اور نمٹارہ 8 اکتوبر تک مکمل کیا جائے گا، جبکہ حتمی ووٹر فہرست 12 اکتوبر کو شائع کی جائے گی۔

الیکشن حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے اندراج فارم لازماً جمع کرائیں اور اگر بوتھ لیول آفیسر ان کے گھر آئیں تو مکمل تعاون کریں، تاکہ بعد میں ووٹر لسٹ میں نام نہ ہونے یا دیگر مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

قابل ذکر ہے کہ تلنگانہ میں ایس آئی آر مہم کا آغاز 25 جون سے ہوا تھا۔ پہلے اس کی آخری تاریخ 24 جولائی مقرر کی گئی تھی، بعد ازاں اسے 3 اگست تک بڑھایا گیا، اور اب ایک مرتبہ پھر توسیع کرتے ہوئے 10 اگست تک کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کو ریاست بھر میں جاری ووٹر تصدیقی عمل کو مزید مؤثر اور جامع بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں