نیٹ یوجی 2026 کونسلنگ کا شیڈول جاری، 4 اگست سے داخلہ عمل شروع، تعلیمی سال 8 ستمبر سے ہوگا

حیدرآباد (دکن فائلز) میڈیکل کاؤنسلنگ کمیٹی (MCC) نے این ای ای ٹی یو جی 2026 کے تحت ایم بی بی ایس اور دیگر انڈر گریجویٹ میڈیکل کورسز میں داخلوں کے لیے کاؤنسلنگ کا مکمل شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اس کے مطابق آل انڈیا کوٹہ (AIQ) کی پہلی مرحلے کی کاؤنسلنگ 4 اگست سے شروع ہوگی، جبکہ نئے تعلیمی سال 2026-27 کا آغاز 8 ستمبر سے کیا جائے گا۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق آل انڈیا کوٹہ، ڈیمڈ یونیورسٹیوں اور مرکزی جامعات کی پہلی مرحلے کی کاؤنسلنگ 4 اگست سے 17 اگست تک جاری رہے گی، جبکہ اس مرحلے میں منتخب امیدواروں کو 22 اگست تک متعلقہ کالجوں میں داخلہ لینا ہوگا۔

دوسرے مرحلے کی آل انڈیا کوٹہ کاؤنسلنگ 24 اگست سے 2 ستمبر تک، تیسرے مرحلے کی کاؤنسلنگ 10 ستمبر سے 18 ستمبر تک جبکہ اسٹریے ویکینسی راؤنڈ 28 ستمبر سے 3 اکتوبر تک منعقد ہوگا۔ اس مرحلے میں داخلہ لینے کی آخری تاریخ 10 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔

ریاستی کوٹہ کی نشستوں کے لیے پہلے مرحلے کی کاؤنسلنگ 13 اگست سے 22 اگست تک ہوگی اور امیدواروں کو 28 اگست تک کالجوں میں رپورٹ کرنا ہوگا۔ دوسرے مرحلے کی ریاستی کاؤنسلنگ 31 اگست سے 8 ستمبر، تیسرے مرحلے کی 16 ستمبر سے 26 ستمبر جبکہ اسٹریے ویکینسی راؤنڈ 3 اکتوبر سے 5 اکتوبر تک ہوگا۔

ایم سی سی نے تمام میڈیکل کالجوں، ریاستی کاؤنسلنگ اداروں اور متعلقہ ایجنسیوں کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ جاری کردہ شیڈول پر مکمل عمل کریں۔ اس مقصد کے لیے تمام ہفتہ، اتوار اور سرکاری تعطیلات کو بھی ورکنگ ڈے تصور کیا جائے گا تاکہ داخلہ عمل بروقت مکمل ہو سکے۔

اس سال کاؤنسلنگ کے نظام میں کئی اہم تبدیلیاں بھی متعارف کرائی گئی ہیں تاکہ داخلہ عمل کو مزید شفاف اور طلبا دوست بنایا جا سکے۔ نئے نظام کے تحت اگر کسی امیدوار کو پہلے مرحلے میں نشست مل جائے اور وہ اگلے مرحلے میں بہتر نشست حاصل کرنے کا آپشن منتخب کرے تو اسے صرف رسمی کارروائی کے لیے کالج میں جسمانی طور پر حاضر ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس کی نشست آن لائن نظام میں محفوظ رہے گی۔

اسی طرح امیدوار اب ایم سی سی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی الاٹ کی گئی نشست سے استعفیٰ بھی دے سکیں گے، بشرطیکہ یہ مقررہ قواعد اور وقت کی حد کے مطابق ہو۔ اس کے لیے کالج جا کر کاغذات جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ایم سی سی نے این آر آئی کوٹہ کے امیدواروں کے لیے بھی سہولت فراہم کی ہے، جس کے تحت وہ اپنی تمام ضروری دستاویزات آن لائن کاؤنسلنگ پورٹل پر اپ لوڈ کر سکیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ این ای ای ٹی یو جی 2026 کا امتحان مبینہ بے ضابطگیوں اور پیپر لیک کے الزامات کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔ بعد ازاں حکومت نے این ٹی اے کے متعدد افسران کے خلاف کارروائی کی، دوبارہ امتحان منعقد کیا گیا اور اس کے نتائج 16 جولائی کو جاری کیے گئے۔ اب انہی نتائج کی بنیاد پر میڈیکل داخلوں کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں