نرمل میں سہ روزہ سائنس فیئر اور انسپائر کا ریاستی وزیر جگدیشور ریڈی نے کیا معائنہ

نرمل ضلع مستقر پر سینٹ تھامس ہائی اسکول میں جاری سہ روزہ سائنس فیئر اور انسپائر مقابلہ جات کا آج ریاستی وزیر جگدیشور ریڈی ضلعی مہتمم تعلیمات ڈاکٹر اے۔رویندر ریڈی کے ساتھ ملکر معائنہ کیا۔جس کے بعد مشاہد جگدیشور ریڈی نے سائنس فیئر اور انسپائر کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس سے قبل ضلع اسکول ایجوکیشن کی جانب سے مشاہد کو تہنیت پیش کی گئی۔اس موقع پر ضلعی سائنس آفیسر ونود کمار اور اساتذہ موجود تھے۔

اس سے قبل ضلعی مہتمم تعلیمات ڈاکٹر اے۔ رویندر ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ انسپائر مقابلہ جات کیلئے 167 ماڈلس اور سائنس فیئر کیلئے 570 ماڈلس کی نمائش کی گئی۔ طلباء نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر بہترین ماڈلس تیار کئے،جن کو ججس اور ریاستی مشاہدین نے خوب پسند کیا۔ انھوں نے کہاکہ اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کا مقصد طلباء میں تخلیقی اور تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔

بہترین پراجیکٹس تیار کئے گئے جس میں گائیڈ ٹیچر سید سرفراز اسکول اسسٹنٹ میتھس کی نگرانی میں گورنمنٹ ہائی اسکول، مدینہ کالونی ، بھینسہ کے طلباء کی جانب سے بہترین ماڈلس تیار کئے گئے۔ جس میں آٹو میٹک اسٹریٹ لائٹس آن آف پراجیکٹ شامل ہے۔اس پراجیکٹ کا مقصد موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے متعدد اسٹریٹ لائٹس کو کنٹرول کرنا اور ناکام اسٹریٹ لائٹس کا پتہ لگا کر ان کو تبدیل کرناہے۔

اس پراجیکٹ سے مین پاور کا استعمال کم ہوگا اور برقی کی بچت ہوگی۔ کوئی بھی شخص کہیں سے بھی اس کو آسانی سے استعمال کرسکتے ہیں۔ اس پراجیکٹ کو میونسپلٹی کے علاوہ فیکٹریوں ،گھروں اور دفاتر میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

دوسرے دن بھی اساتذہ تنظیموں کے قائدین جیسے میوا صدر شیخ شبیر علی ، سرپرست اعلی مسیح الدین، پی آر ٹی یو صدر رمنا راؤ اور جنرل سیکریٹری نریندر بابو، ٹی یو ٹی ایف صدر لکشمی پرساد ریڈی، جنرل سیکریٹری ٹی۔ روی کانت، ایس ٹی یو جنرل سیکرٹری ناگا بھوشن اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔اس پروگرام میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔دوسری جانب ثقافتی پروگرامس بھی منعقد کئے گئے جس سے سبھی لوگ کافی محظوظ ہوئے۔
.

اپنا تبصرہ بھیجیں