تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے اسٹیٹ کونسل اجلاس میں اہم فیصلے، اردو میڈیا کے نمائندے کو اکریڈیٹیشن کمیٹی میں شامل کرنے حکومت کا فیصلہ، یونین کی بڑی کامیابی، رکنیت سازی کا آغاز

حیدرآباد (پریس نوٹ) تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کا اسٹیٹ کونسل اجلاس صدر دفتر واقع شاہ نگر، مصری گنج میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیم کے استحکام، صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشۂ صحافت کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا، جس میں ریاست کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ریاستی اور ضلعی سطح کے صدور و معتمدین، عہدیدار و ارکان صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف اہم امور زیرِ بحث آئے اور کئی کلیدی فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں حکومتِ تلنگانہ سے تنظیم کے صدر ڈاکٹر شجاع الدین افتخاری نے مطالبہ کیا کہ ایسے سینئر صحافی حضرات جن کی عمر 55 برس مکمل ہوچکی ہو، انہیں ماہانہ اعزازیہ فراہم کیا جائے، کیونکہ عمر بھر سماج کی رہنمائی اور عوامی مسائل کی ترجمانی میں گراں قدر خدمات انجام دیتا ہے، لہٰذا اس کی خدمات کے اعتراف میں حکومتی سطح پر اردو اکیڈمی کے ذریعہ اعزازیہ دیا جانا چاہیے۔

اس کے علاوہ مطالبہ کیا گیا کہ ایکریڈیٹیشن کارڈ رکھنے والے صحافی کے انتقال پر حکومت کی جانب سے پانچ لاکھ روپے بطور ایکس گریشیا فراہم کیے جائیں۔ تنظیم سے وابستہ کسی صحافی کے انتقال کی صورت میں اس کے اہلِ خانہ کو تنظیم کی جانب سے مالی امداد، نیز بیمار صحافیوں کو یونین کی جانب سے حتی المقدور مدد اور ہیلت انشورنس کی بارے میں غور کیا گیا۔ اجلاس میں رکنیت سازی کے سلسلہ میں اعلان کیا گیا کہ 12 جنوری سے 20 جنوری 2026 تک رکنیت سازی مہم حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں جاری رہے گی۔

اجلاس میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کی سرکاری سطح پر شمولیت اردو میڈیا کے نمائندے کو اکریڈیٹیشن کمیٹی میں شامل کرنے کا مطالبہ حکومت نے قبول کر لیا ہے۔ اس سلسلہ میں جاری کیے گئے جی او میں اردو میڈیا کو شامل کیا جانا تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کی مؤثر نمائندگی کا واضح ثبوت ہے، جسے یونین کی ایک بڑی اور تاریخی کامیابی قرار دیا گیا، اس سے ہر ایک اردو صحافی کو مدد ملے گی جو چاہے کسی بھی یونین، فیڈریشن یا اسوسی ایشن سے وابستہ ہوگا۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے جو سرکاری احکام حالیہ عرصہ میں جاری کئے گئے ہیں اس میں پائے جانے والے بعض نقائص کے ضمن میں یونین کی جانب سے رسمی نمائندگی کی جائے گی۔ اجلاس کی صدارت یونین کے صدر ڈاکٹر شجاع الدین افتخاری نے کی، پروگرام کا آغاز مولانا محسن پاشاہ قادری نقشبندی اسٹیٹ سکریٹری کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ جبکہ اجلاس کی کارروائی مفتی محمد رئیس الدین قاسمی (سکریٹری جنرل) نے انجام دی۔

تنظیم کے سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر ساجد معراج نے یونین کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے اس کے مختلف کارناموں کو یکے بعد دیگرے بیان کیا۔ آخر میں صدرِ محترم نے اجلاس کے اختتام کا اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں