تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کی وزیر اطلاعات و کمشنر سے نمائندگی، ایکریڈیٹیشن کارڈس میں کمی پر شدید تشویش، سابق جی او سے بہتر کرنے کا مطالبہ

حیدرآباد 12 جنوری (پریس نوٹ) تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (TUWJU) نے ریاستی وزیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ پی سرینواس ریڈی اور کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ سے ایچ پرینکا سے ملاقات کرتے ہوئے میڈیا ایکریڈیٹیشن سے متعلق نئے جاری کردہ سرکاری حکم نامہ G.O.Ms.No.252 مورخہ 12 دسمبر 2025 پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

یونین کے ریاستی صدر ڈاکٹر محمد شجاع الدین افتخاری اور ریاستی جنرل سکریٹری مفتی محمد رئیس الدین کی جانب سے پیش کی گئی تحریری نمائندگی میں کہا گیا ہے کہ نئے جی او کے نفاذ کے نتیجہ میں پرنٹ، الکٹرانک اور کیبل میڈیا کے لئے جاری کیے جانے والے اکریڈیٹیشن کارڈس کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جس سے ریاست بھر کے صحافیوں کی حقوق شدید متاثر ہورہے ہیں۔ یونین کی نمائندگی میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ سابقہ سرکاری حکم نامہ G.O.Ms.No.239 مورخہ 15 جولائی 2016 کے تحت اکریڈیٹیشن کی تعداد زیادہ تھی، تاہم نئے جی او میں ان کارڈس کی تعداد میں اضافہ کے بجائے الٹا کم کردیا گیا، جو صحافی برادری کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔

ٹی یو ڈبلیو جے یو نے مطالبہ کیا کہ تمام زمروں (پرنٹ و الکٹرانک میڈیا) میں ایکریڈیٹیشن کارڈس کی تعداد کو سابقہ جی او سی بہتر بحال کیا جائے۔ 25 ہزار تا 75 ہزار، 15 ہزار تا 25 ہزار اور 2 ہزار تا 15 ہزار سرکولیشن رکھنے اخبارات کو منڈل سطح پر بھی اکریڈیٹیشن دیا جائے تاکہ دیہی و عوامی مسائل کی مؤثر کوریج ممکن ہوسکے۔ کیبل ٹی وی چیانلس کو سابقہ روایت کے مطابق ریاستی و ضلعی سطح پر اکریڈیٹیشن کارڈس جاری کئے جائیں۔

فری لانس صحافیوں کے لیے 10 سال اور سینئر صحافیوں کے لیے 25 سال کے تجربہ کی شرط پر نظرثانی کی جائے۔ ٹی یو ڈبلیو جے یو کے وفد نے کہا کہ اردو صحافت اقلیتی اور محروم طبقات تک حکومت کی آواز پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، ایسے میں اکریڈیٹیشن کارڈس کی تعداد میں کمی سے اردو صحافت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا۔ آخر میں تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین نے وزیر و کمشنر اطلاعات سے پرزور اپیل کی کہ وہ معاملہ کا سنجیدگی سے جائزہ لیتے ہوئے G.O.Ms.No.252 میں ضروری ترامیم کریں تاکہ صحافیوں کو انصاف، برابری اور پیشہ وارانہ تحفظ حاصل ہوسکے۔ وفد میں ڈاکٹر ساجد معراج سرپرست ٹی یو ڈبلیو جے یو کے علاوہ جناب سید یسین علی صدر ٹی یو ڈبلیو جے یو ضلع نظام آباد بھی شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں