حیدرآباد۔ 15/جنوری ( پریس نوٹ) علمی، اَدَبی و ثقافتی شہر پونے میں ایک نہایت شاندارجشنِ استقبالیہ و تہنیتی مُشاعرہ منعقد ہُوا جو نامور شاعِر ادیب و صحافی ڈاکٹر محسن جلگانوی (حیدر آباد) کو حکومت تلنگانہ کی جانب سے قومی سطح کے سب سے بڑے مولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ کی حصولیابی کے سلسلے میں ترتیب دیا گیا تھا۔ اس مبارک موقع پر ان کی اَدَبی سماجی اور تہذیبی خدمات کے اعتراف میں انہیں ایک یادگاری ایوارڈ (اے سی ایف سی) بھی پیش کیا گیا جس پر حاضرینِ محفل نے پُرجوش تالیوں سے بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
مہمانِ اعزازی ڈاکٹر محسن جلگانوی اور مہمانِ خُصوصی افسر دکنی کی موجودگی نے اس اَدَبی تقریب کے وَقَار اور اہمیت میں مزید اضافہ کیا اس محفل میں شہر کی معزز شخصیات اہلِ قلم اساتذۂ کرام دانشوران اور اَدَب سے گہری وابستگی رکھنے والے شائقین کی بڑی تعداد شریک ہوئی مُشاعرے کی صدارت ممتاز شاعر و ادیب اسلم چشتی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مشہور صحافی و شاعِر سیّد حلیم زیدی نے نہایت خوش اُسلوبی اور شائستہ انداز میں انجام دیا جس سے پروگرام کی رَوَانی اور حُسن میں اِضافہ ہُوا – تمام شعرائے کرام اور مہمانان کا استقبال شال اور گلدستوں سے کیا گیا-
تقریب کا آغاز محسن رضائی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہُوا جس کے بعد ناظمِ مشاعرہ نے مہمانانِ گرامی کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور مُشاعرے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی صدرِ مشاعرہ نے اپنے صدارتی خطاب میں اُردو زبان و اَدَب کی ترویج تہذیبی اقدار کے تحفُّظ اور اس طرح کی اَدَبی محفلوں کے تسلسل کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اس موقع پر جیت سہگل نے ڈاکٹر محسن جلگانوی کی ہندی اُردو شعری تصنیف پر بھرپور سلیقے سے اظہارِ خیال کیا- رفیق قاضی نے ڈاکٹر محسن جلگانوی کا تفصیلی تعارف پیش کیا- محسن ضیائی نے ڈاکٹر محسن جلگانوی کی شاعری کا جائزہ پیش کیا۔
ڈاکٹر محسن جلگانوی نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہاکہ پونے شہر اپنے حسنِ ترتیب تہذیبی وَقَار اور اہلِ شہر کے خلوص سے ایسا دل نشیں تاثر قائم کرتا ہے جو مدتّوں یاد رہتا ہے۔ یہاں سرگرمِ عمل تنظیمیں عزم دیانت اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر شہر کی اَدَبی فضاء اور اُردو کی ترقّی و خوشحالی میں سنگِ میل کا کردار ادا کر رہی ہیں اور ان کی یہ مسلسل کاوشیں بلاشبہ تحسین و تقلید کے لائق ہیں۔ معزز مہمانان نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے مہمانِ اعزازی ڈاکٹر محسن جلگانوی کی ہمہ جہت خدمات کو سراہا اور منتظمین کی انتھک محنت اور حسنِ انتظام کی دل کھول کر تعریف کی محفل کے دوران سامعین کی دلچسپی اور سنجیدگی قابلِ دید رہی اور پورا ماحول اَدَب دوستی، سماجی یکجہتی اور مشترکہ تہذیبی وَقَار کا آئینہ دار نظر آیا آخر میں رفیق قاضی نے مہمانِ اعزازی، مہمانِ خصوصی تمام معززین شعراء اور حاضرینِ محفل کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
یہ یادگار تہنیتی مُشاعرہ اے سی ایف سی (اسلم چشتی فرینڈ سرکل پونے) اور اُردو ساہتیہ پریشد پونے کے زیرِ اہتمام سویوگ لہر سوسائٹی کلب ہاؤس کونڈوا، پونے میں منعقد ہُوا جو اپنی شاندار کامیابی ،با وَقَار صدارت، بھرپور شرکت اور اعلیٰ اَدَبی معیار کے باعث دنوں تک یاد رکھا جائے گا آخر میں مشاعرے کے شعری حصّے کے تحت شریک شعراء ڈاکٹر محسن جلگانوی ، افسر دکنی ، اسلم چشتی ، حسام الدین شعلہ، رفیق قاضی، ضیاء باغپتی ، سیّد حلیم زیدی، امتیاز خان، تنویر احمد تنویر شولاپوری، ڈاکٹر طوبی چودھری ، حمیدہ حکیم، میڈی کرسٹی ، دانش جعفری اور ارحم مرزا نے اپنا کلام پیش کیا – سامعین نے بھرپور داد و تحسین پیش کرکے محفل کو گرمادیا۔


