لاکھوں عازمین حج کی میدان عرفات آمد، رکن اعظم وقوف عرفہ آج اداکیا جائےگا

مناسک حج کے دوران منیٰ کی عارضی خیمہ بستی میں 8 ذو الحج کا پورا دن قیام کے دوران پانچوں وقت کی نمازیں ادا کر کے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کیلئے 9 ذوالحج کو نماز فجرکی ادائیگی کے بعد میدان عرفات روانہ ہو رہے ہیں۔

میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج اداکیا جائےگا جہاں حجاج کرام مسجد نمرہ سے خطبہ حج سنیں گے اور ظہر و عصر کی نمازیں یکجا کرکے ایک ساتھ ادا کریں گے۔

لاکھوں عازمین حج آج منگل 27 جون کو میدان عرفات میں حج کا رُکنِ اعظم وقوف عرفہ ادا کر رہے ہیں۔ حجاج مسجد نمرہ اور میدان عرفات میں عبادات کریں گے اور حج کا خطبہ سنیں گے۔
سعودی حکام نے میدان عرفات میں حجاج کے خیر مقدم کے لیے تیاریاں مکمل کیں۔ حجاج کے قافلے پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہی میدان عرفات پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔
حجاج میدان عرفات میں ظہر اور عصر کی نماز ایک اذان دو اقامت کے ساتھ قصر ادا کریں گے اور غروب آفتاب تک وقوف کریں گے۔
سورج غروب ہوتے ہی حجاج کے قافلے مزدلفہ کا رخ کریں گے جہاں سے وہ رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے اور رات وہیں بسر کریں گے۔ نماز فجر کے بعد منیٰ کے لیے روانہ ہوں گے۔
قبل ازیں منیٰ کی عارضی خیمہ بستی آباد ہوئی۔ 8 ذوالحجہ جسے عربی میں ’یوم ترویہ ‘ کہا جاتا ہے حجاج نے منی میں قیام کیا اور پانچوں وقت کی نمازیں ادا کرنے کے بعد عرفات کے لیے روانہ ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں