عائشہ سے ثانیہ اور پھر ثناء: شعیب ملک کی دو علیحدگیوں اور تین شادیوں کی تفصیل

حیدرآباد (دکن فائلز) ہندوستان اور پاکستان میں اس وقت سابق کرکٹر شعیب ملک کی اداکارہ ثناء جاوید سے شادی کی خبریں وائرل ہیں، شعیب کی یہ تیسری شادی ہے۔

عائشہ صدیقی سے شعیب کی شادی
ہندوستان کے معروف شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی عائشہ صدیقی نامی لڑکی سے شعیب ملک نے 2002 میں شادی کی تھی۔ لیکن یہ شادی کچھ دنوں میں بھی ٹوٹ گئی اور دونوں میں طلاق ہوگیا۔ پیشے کے اعتبار سے ٹیچر عائشہ نے شعیب ملک کے خلاف دھوکہ دہی کی شکایت درج کروائی تھیں۔

ثانیہ مرزا سے شعیب ملک کی شادی
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی بھی ہندوستان کے معروف شہر حیدرآباد میں 12 اپریل 2010 کو بڑے شاندار پیمانہ پر ہوئی تھی جس میں سینکڑوں مشہور شخصیتوں نے شرکت کی تھی۔ پاکستان سے بھی بڑی تعداد میں مہمان آئے تھے۔ شادی حیدرآبادی روایتی انداز میں کی گئی تھی۔ جبکہ ولیمہ کی دعوت پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں دی گئی تھی۔ شادی کے آٹھ سال بعد 2018 میں ان کے بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی تھی۔

بعدازاں دسمبر 2022 سے مسلسل جوڑے کے مابین اختلافات کی خبریں اکثر گردش کرتی رہتیں، اس کے باوجود دونوں نے کبھی بھی ان اطلاعات کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔

شعیب ملک اور ثنا کے ڈیٹ کی افواہ
2023 میں شعیب ملک کی جانب سے ثناء جاوید کو ڈیٹ کرنے کی افواہیں بھی زیرِ گردش رہیں جنہوں نے اس وقت مزید شدت اختیار کی جب شعیب نے سوشل میڈیا پر ثناء کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ اس دوران شعیب اور ثانیہ نے اپنے اپنے سوشل میڈیا پروفائلز سے ایک ساتھ اپنی تصاویر بھی ہٹاتے ہوئے بائیو بھی تبدیل کردیا تھا۔ تاہم قبل ازیں شعیب کے انسٹاگرام بائیو میں لکھا تھاکہ ’سپروومن ثانیہ مرزا کے شوہر‘ جسے تبدیل کرکے ’فادر ٹو ون ٹرو بلیسنگ‘ کردیا گیا تھا۔

کچھ ہی روز قبل قبل طلاق کی تمام افواہوں نے پوری طرح دم توڑ دیا تھا جب شعیب اور ثانیہ نے اپنے بیٹے کی سالگرہ دبئی میں ایک ساتھ منعقد کی اور دبئی سے ہی ’مرزا ملک‘ نامی ٹی وی شو کی میزبانی بھی کی۔ آج یہ خبریں حقیقت ثابت ہوگئیں۔

تازہ رپورٹس کے مطابق ثانیہ مرزا اور شعیب کے درمیان علحدگی ہوچکی ہے۔ ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا نے بتایا کہ ’یہ خلع ہے‘۔ یعنی ثانیہ نے شوہر سے علیحدگی اختیار کرنے کا اسلام میں دیا گیا اپنا حق استعمال کیا ہے۔

ثناء جاوید سے شعیب ملک کی شادی
شعیب ملک نے آج صبح پاکستان کی معروف اداکارہ ثناء جاوید کے ساتھ شادی کی تصویریں سوشل میڈیا پلیٹ فارمزانسٹاگرام پر شیئر کرکے سب کو حیران کردیا۔ 20 جنوری 2024 کو منظرعام پر لائی جانے والی یہ شادی چند روز قبل سرانجام پائی۔ یہ ثناء کی دوسری شادی ہے اور شعیب کی تیسری۔

اس سے قبل ثناء اور گلوکار عمیرجسوال اکتوبر 2020 میں رشتہ ازدواج میں بندھے تھے۔ بعد میں جوڑے کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔ آج جیسے ہی شعیب نے اپنی شادی کی خبر شیئر کی تو اداکارہ ثنا نے بھی انسٹاگرام پر اپنا نام تبدیل کرتے ہوئے ’ثناء شعیب ملک‘ رکھ لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں