گرمی کے موسم میں کونسی غذائیں جسم میں ٹھنڈک پیدا کرتی ہیں؟

(ایجنسیز) گرمی کے موسم میں عموماً جسم میں پانی کی کمی کی شکایت رہتی ہے۔ آپ جو کھاتے ہیں اور جس طرح سے کھاتے ہیں، اس سے آپ کی صحت پر اثر پڑتا ہے اور جسم میں ٹھنڈک یا گرمی پیدا ہوتی ہے۔ این ڈی ٹی وی کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک مضمون کے مطابق غذائیت سے متعلق چند تجاویز پر عمل کرنے سے گرمیوں کے موسم میں جسم کے درجہ حرارت کو کم سے کم رکھا جا سکتا ہے۔

زیادہ سے زیادہ پانی پیئیں
زیادہ سے زیادہ پانی پینے سے جسم کے درجہ حرارت کو قابو رکھنے میں مدد ملتی ہے، جس کی ایک وجہ پسینہ آنا اور جسم کا ٹھنڈا رہنا ہے۔ جسم میں پانی کا تناسب برقرار رہنے سے اعضا صحیح طریقے سے کام کرتے ہیں اور ہیٹ سٹروک سے بھی بچنے میں مدد ملتی ہے۔ کوشش کریں کہ ایک دن میں کم از کم آٹھ سے دس گلاس پانی کے پیئیں۔

ٹھنڈی غذا کا استعمال
ایسی سبزیوں یا پھلوں کا استعمال کریں جن میں قدرتی طور پر پانی کا تناسب زیادہ ہو جیسے کہ کھیرا، تربوز، مالٹے اور سلاد کے پتے۔ ایسا کرنے سے جسم میں پانی کا تناسب بھی برقرار رہتا ہے اور وٹامن اور معدنیات بھی ملتی رہتی ہیں۔

مصالحہ دار کھانوں سے پرہیز کریں
مصالحہ دار کھانوں سے جسم کا درجہ حرارت بڑھتا ہے اور گرمی محسوس ہوتی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ موسم گرما میں ایسے کھانوں سے پرہیز کیا جائے۔ اگر آپ کو مصالحہ دار کھانے پسند ہیں تو کوشش کریں کہ کم مرچوں والی خوراک کھائیں۔

الیکٹرولائٹس والی غذا کا استعمال کریں
جسم میں پانی کا تناسب برقرار رکھنے کے لیے الیکٹرولائٹس جیسے سوڈیم، پوٹاشیم اور میگنیزیم انتہائی ضروری ہیں بالخصوص موسم گرما میں جب پسینہ بھی زیادہ آتا ہے۔

گرم موسم میں بہت ہی معمولی رقم اگر کچھ خاص کھانے پینے کی چیزوں پر خرچ کرلی جائے تو یہ ڈاکٹروں اور دواؤں کے خرچے سے آپ کو بچا سکتی ہے۔

کھیرے
موسم گرم ہو تو کھیرے بے حد فائدہ مند ہوتے ہیں جو جسم میں فوری طور پر ٹھنڈک پیدا کرتے ہیں اور جسم کے درجہ حرارت میں کمی لاتے ہیں۔ اسے سلاد یا پھر اس کے جوس میں لیموں اور ادرک ملا کر بھی پیا جا سکتا ہے۔

تربوز
گرمیوں کا خاص پھل تربوز بھی بے شمار فوائد سے بھرا ہوا ہے۔ یہ جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتا اور اس میں میگنیشیئم، پوٹاشیئم، فائبر اور وٹامن بی ہوتا ہے۔

آم
پھلوں کا بادشاہ آم، گرمیوں کے موسم میں بے شمار فوائد والے پھلوں کی فہرست میں شامل ہے جو جسم کو ٹھنڈا رکھنے اور ہاضمے میں بھی مدد کرتا ہے۔

دہی
دہی کا استعمال کر کے بھی گرم موسم میں پانی کی کمی اور دیگر مسائل سے بچا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ اس میں موجود کیلشیئم کی بھرپور مقدار ہڈیوں کے لیے بھی بہت مفید ہوتی ہے۔ دہی کو لسی یا پھر آم، اسٹرابیری اور دیگر پھلوں کے ساتھ کھا کر یا جوس بنا کر بھی اس کے فوائد دگنے کیے جا سکتے ہیں۔

ناریل کا پانی بھی جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتا اور یہ ہاضمے کے لیے بھی مفید ہوتا ہے۔ پودینہ، پیاز اور لیموں کا استعمال بھی گرم موسم میں بہت مفید ہوتا ہے۔ لیموں اور پودینے کا جوس یا انہیں سلاد میں شامل کر کے بھی کھایا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں