بالی وڈ کے سپر سٹارز شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بڑے پردے پر ایک ساتھ ایک فلم میں دیکھنا ہر فلم بین کا خواب رہا ہے لیکن اب یہ خواب پورا ہوتا لگ رہا ہے۔
بالی وڈ کی خبروں کی ویب سائٹ پِنک ولا کے مطابق شاہ رخ خان اور سلمان خان دونوں ایک ساتھ یش راج بینر کے سائے تلے فلم کرنے جارہے ہیں۔
پنک ولا کی خبر کے مطابق شاہ رخ خان اور سلمان خان ایک ساتھ ایک فلم میں نظر آنے والے ہیں جو انڈیا کے سینما کی سب سے بڑی فلم ہوسکتی ہے۔
’شاہ رخ خان اور سلمان خان کی فلم کو ادتیا چوپڑا لکھ رہے ہیں۔ اس فلم کا مرکزی خیال تیار کیا جا چکا ہے جبکہ دتیا چوپڑا اس فلم کی کہانی، سکرین پلے اور ڈایئلاگ پر مزید کام کریں گے۔ شاہ رخ خان اور سلمان خان کی کرن ارجن کے بعد یہ پہلی پوری ایک ساتھ فلم ہوگی‘
اس فلم کی کہانی رواں سال کے آخر میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو سنائی جائے گی اور فلم کی شوٹنگ 2023 کے آخر یا 2024 کے اوائل میں شروع کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق اس فلم میں ہریتک روشن بھی نظر آئیں گے۔
واضح رہے کہ 2023 میں شاہ رخ خان کی تین فلمیں پٹھان، جوان اور ڈنکی ریلیز ہو رہی ہیں جبکہ سلمان خان کی فلم ٹائیگر 3 بھی 2023 میں ہی ریلیز کے لیے تیار ہے۔