حیدرآباد (پریس نوٹ) میدک میں پیش آئے حالیہ فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات کے بعدکئی بے قصور مسلم نوجوانوں کی گرفتاریاں عمل میں آئیں ہیں۔شہری حقوق کے تحفظ کی تنظیم اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سیول رائٹس تلنگانہ چیاپٹر(APCR) کی جانب سے یہاں بے قصور مسلم نوجوانوں کی قانونی مدد کی جائے گی۔
اس ضمن میں اے پی سی آر کی ٹیم نے میدک کا دورہ کیا اور حالا ت سے آگاہی کے بعد انصاف رسانی کے لئے متاثرین کو قانونی مدد پہنچانے کا فیصلہ کیا۔APCRکی ٹیم نے اتوار کو میدک کا دورہ کے موقع پر محروسین کے رشتہ داروں اور فسادات کے متاثرین جنکی دکانات اور املاک کو شدیدنقصا ن پہنچا ہے سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ16 غیر مسلم محروسین پہلے ہی ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں۔ جبکہ اے پی سی آر کے وفد کے بموجب اقلیتی برادری کے بے قصور 13 افراد کو حراست میں لے کر جیل بھیج دیاگیا جن کی قانونی پیروی کی ضرورت ہے۔اسکے علاوہ زخمیوں اور ایسے متاثرین جن کے املاک کو نقصان پہنچاہے قانونی امداد کی شدید ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں مجلس و دیگر کی جانب سے بھی قانونی مدد فراہم کی جارہی ہے۔
فی الحال ایڈوکیٹ آصف،ایڈکیٹ پرتاپ ریڈی،ایڈو کیٹ جیون اورایڈوکیٹ بالا یاقانونی خدمات فراہم کررہے ہیں۔اے پی سی آر کی ٹیم نے میدک کے مذہبی،سیاسی اور سماجی ذمہ داران اور ذی اثر شخصیات سے بھی ملاقات کی اور آئیندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور و خوص کیا گیاکہ کس طرح یہاں کے حالات کوبگڑنے سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے اور فضاء کو پرامن رکھنے کی حکمت عملی پر بھی گفتگو کی گئی۔اے پی سی آر تلنگانہ کے ایکزیکٹیو ممبر ان محمد کلیم الدین،محمد سجاد علی،اے آر جنید،محسن کے علاوہ دیگر بھی میدک دورہ کے موقع پر موجود تھے۔