ہندوستان 17 سال بعد ٹی 20 چیمپئن بن گیا، فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں ہندوستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو شکست دے کر 17 سال بعد ٹائٹل جیت لیا۔

ٹیم انڈیا نے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 8 وکٹوں پر 169 رنز بناسکی۔ ویرات کوہلی پلیئر آف دی فائنل قرار پائے۔

ہدف کے تعاقب میں پروٹیاز کی ابتدائی دو وکٹیں 12 رنز تک گر گئیں، ریزا ہینڈرکس اور کپتان ایڈن مارکرم 4، 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ہینڈرکس کو جسپریت بومرا اور ایڈن مارکرم کو آؤٹ کیا۔

کینسنگٹن اوول اسٹیڈیم بارباڈوس میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقی ٹیم ایک بار پھر بڑے مقابلے میں چوک کرگئی اور ٹیم انڈیا کے 176 رنز کے جواب میں 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بناسکی۔

اس سے قبل ہندوستان 2007 میں پاکستان کو شکست دیکر پہلی بار ٹی 20 چیمپئن بنا تھا۔ ہدوستان اس ٹورنامنٹ میں فائنل تک ناقابل شکست رہا اور یہ ٹی 20 کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب کسی ٹیم نے بغیر کوئی میچ ہارے ٹرافی جیتی ہے۔

ٹورنامنٹ میں شاندار بولنگ کرنے پر جسپریت بمراہ کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا، انہوں نے آٹھ میچز میں 15 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فائنل میں 76 رنز کی اننگز پر ویرات کوہلی مین آف دی میچ قرار پائے۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے ہینری کلاسن 52 رنز، کوئنٹن ڈی کوک 39 رنز اور ٹرسٹن اسٹبس 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ریزا ہینڈرکس اور ایڈن مارکرم نے 4، 4 رنز، مارکو جینسن 2 اور کاگیسو ربادا 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کیشو مہاراج 2 اور اینرچ نورٹجے 1 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ٹیم انڈیا کی طرف سے ہارڈک پانڈیا نے 3، ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بمراہ نے 2، 2 اور اکسر پٹیل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ ویرات کو ہلی 76 اور اکسر پٹیل 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ٹیم انڈیا کی پہلی اور دوسری وکٹ 23 رنز کے مجموعی اسکور پر گریں، کپتان روہت شرما 9 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے انکے بعد بیٹنگ کیلئے آنیوالے رشبھ پنت بھی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

ہندوستان کو تیسرا نقصان 34 رنز کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب سوریا کمار یادو 3 رنز بناکر کیچ تھما گئے۔

ٹیم انڈیا کی چوتھی وکٹ 106 رنز پر گری جب اکسر پٹیل 47 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ 163 رنز کے مجموعی اسکور پر ویرات کوہلی 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

آخری اوور میں شیوم دوبے 27 اور رویندرا جڈیجا 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ہاردک پانڈیا 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی طرف سے کیشو مہاراج اور اینرچ نورٹجے نے 2، 2، کاگیسو ربادا اور مارکو جینسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

فائنل کیلئے ہندوستان اور جنوبی افریقا نے وننگ کمبی نیشن کو برقرار رکھا گیا اور دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں