سعودی کابینہ نے حج موسم 1443ھ کی کامیابی کے حوالے سے انتظامات میں حصہ لینے والے تمام سرکاری و نجی اداروں کے اہلکاروں اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو جدہ کے قصر السلام میں کابینہ کےاجلاس کی صدارت کی۔
سعودی کابینہ نے حرمین شریفین کی خدمت اور جدید ترین وسائل کی مدد سے معیاری نظام کے ذریعے زائرین کے آرام و راحت اور سکون و اطمینان کی فراہمی کا اعزاز بخشنے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کیا۔ سعودی کابینہ نے پوسٹل سیکٹر کی نگرانی وزارت نقل و حمل و لاجسٹک خدمات کی وزارت کے حوالے کردی۔ اس سے قبل یہ ذمہ داری وزارت مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تھی۔
اجلاس کے آغاز میں کابینہ کو گزشتہ دنوں برادر اور دوست ممالک کے قائدین سے ملنے والے پیغامات اور مذاکرات کے نتائج سے مطلع کیا گیا۔
اس حوالے سے سلطنت عمان، بحرین، قطر اور تاجکستان کے قائدین کے ان خطوط کا تذکرہ خاص طور پر کیا گیا جو شاہ سلمان کو موصول ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے روسی صدر ولادمیر پوتن کے ٹیلی فونک رابطے کے دوران ہونے والی گفتگو سے بھی مطلع کیا گیا۔