حیدرآباد (دکن فائلز) کانگریس کی قیادت والی تلنگانہ حکومت نے اتوار، 7 دسمبر کو ایک اہم اور ممکنہ طور پر متنازعہ فیصلہ کرتے ہوئے گچی باؤلی میں واقع امریکی قونصل خانہ کے سامنے والی سڑک کا نام ’ڈونلڈ ٹرمپ ایونیو رکھنے کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ اعلان وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے دفتر سے جاری ایک سرکاری بیان میں کیا گیا۔
ریلیز کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا دنیا کا پہلا واقعہ ہوگا کہ کسی سڑک کو موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام سے موسوم کیا جائے گا۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب پیر سے ریاست میں Telangana Rising Global Summit کا انعقاد ہو رہا ہے، ایک عالمی سطح کا پروگرام جسے حکومت اپنی نئی کاروباری و معاشی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دے رہی ہے۔
حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ نہرو آؤٹر رنگ روڈ کے راویریالا کنیکشن اور مجوزہ ریڈیل رنگ روڈ کو ملانے والی گرین فیلڈ ریڈیل روڈ کو ’راتن ٹاٹا روڈ‘ کا نام دیا جائے۔ راویریالا کا انٹرچینج پہلے ہی ’ٹاٹا انٹرچینج* کے نام سے موسوم ہے۔
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے وژن کے مطابق شہر میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی موجودگی کو اجاگر کرنے کے لیے مزید نامزدگیاں بھی شامل کی گئیں۔ ایک نمایاں سڑک کو گوگل اسٹریٹ کا نام دیا جائے گا، کیونکہ گوگل کا دنیا کا سب سے بڑا کیمپس (امریکا کے باہر) حیدرآباد کے فنانشل ڈسٹرکٹ میں تعمیر ہو رہا ہے۔
’مائیکروسافٹ روڈ اور ’ویپرو جنکشن کے نام بھی شہر کی نقشہ سازی کا حصہ بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ ایونیو کی منظوری کے لیے ریاستی حکومت وزارتِ امورِ خارجہ اور امریکی سفارتخانہ کو باقاعدہ خط لکھے گی۔


