حیدرآباد میڑچل میں جانوروں کے خون کی اسمگلنگ، حیرت انگیز انکشاف

حیدرآباد (دکن فائلز) میڑچل ضلع میں ٹی وی9 اور پولیس کی مشترکہ خفیہ کارروائی کے دوران ایک چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں رات کے وقت بکریوں اور بھیڑوں سے غیر قانونی طور پر خون نکال کر ذخیرہ اور اسمگل کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے مٹن شاپ کی آڑ میں یہ غیر اخلاقی اور خطرناک دھندا چلانے والے دو افراد کو گرفتار کر کے تقریباً 180 خون کے پیکٹس ضبط کر لیے۔

یہ کارروائی **کیسرا پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع سیتا نارائن کالونی میں انجام دی گئی۔ گرفتار افراد میں مٹن شاپ کا مالک سونو اور خود کو ویٹرنری ڈاکٹر ظاہر کرنے والا جعلی ڈاکٹر سنجے شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ لوگ رات کے وقت جانوروں سے خون نکالتے، پیکٹس میں بھر کر ذخیرہ کرتے اور پھر جانوروں کو اگلے دن مٹن شاپس میں فروخت کر دیتے تھے۔

تشویشناک بات یہ ہے کہ خون کے کئی پیکٹس پر “ہیومن بلڈ” لکھا ہوا پایا گیا، جس سے شبہ ہے کہ یہ خون کسی بڑے غیر قانونی نیٹ ورک کے ذریعہ استعمال یا فروخت کیا جا رہا تھا۔ پولیس اس بات کی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے کہ یہ خون کہاں بھیجا جا رہا تھا اور اس پورے کاروبار کے پیچھے کون سا نیٹ ورک سرگرم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں