اسدالدین اویسی کا مودی کو چیلنج: اگر ٹرمپ مادورو کو گرفتار کرسکتے ہیں تو آپ بھی 26/11 کے ملزمان کو لائیں (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) وینزویلا پر امریکی حملے اور صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اور حیدرآباد سے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو کھلا چیلنج دے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس اور وائرل ویڈیو کے مطابق ممبئی میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے کہاکہ “آج ہم نے سنا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی فوج وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کر کے ان کے ملک سے امریکہ لے گئی۔ اگر ٹرمپ ایسا کر سکتے ہیں تو آپ بھی پاکستان جا کر 26/11 ممبئی حملوں کے مجرموں اور خاص طور پر لشکرِ طیبہ کے سربراہ مسعود اظہر کو بھارت واپس لا سکتے ہیں۔” اس موقع پر انہوں نے 56 انچ کی چھاتی سے متعلق بیان پر بھی طنز کیا۔

انہوں نے 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات کے دوران وزیر اعظم مودی کی جانب سے ٹرمپ کی حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے طنز کیاکہ “آپ 56 انچ کے سینے کی بات کرتے رہتے ہیں اور کہا تھا ‘اب کی بار ٹرمپ سرکار’۔” اویسی نے بنگلہ دیشی کرکٹر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل 2026 سے باہر کیے جانے کے معاملے پر بھی بی جے پی اور مرکز کو نشانہ بنایا۔

بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کا نام لیے بغیر اویسی نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ انہیں بھی واپس بنگلہ دیش بھیجا جائے۔ انہوں نے جلسے میں کہاکہ “وہ کہتے ہیں کہ ایک بنگلہ دیشی کرکٹر کو آئی پی ایل سے باہر کر دیا گیا ہے، تو پھر اس خاتون کو بھی نکالو جو یہاں مودی کی ‘بہن’ بن کر بیٹھی ہیں۔”

اپنا تبصرہ بھیجیں