حیدرآباد (دکن فائلز) آندھرا پردیش کے کونسیما ضلع میں پیر کے روز اس وقت شدید خوف و ہراس پھیل گیا جب ملاکی پورم منڈل کے ایرسومندا گاؤں میں واقع او این جی سی کے ایک فعال تیل کے کنویں سے بڑے پیمانے پر گیس لیک ہو گئی، جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ یہ واقعہ مرمت کے کام کے دوران پیش آیا، جب کنویں کی پیداوار عارضی طور پر روکی گئی تھی۔
حکام کے مطابق، او این جی سی کی موری-5 کنویں کی گیس پائپ لائن سے اچانک شدید دباؤ کے ساتھ گیس اور خام تیل فضا میں بلند ہونے لگا، جس نے کچھ ہی دیر میں آگ کی شکل اختیار کر لی۔ دو گھنٹے تک زوردار آوازوں کے ساتھ گیس خارج ہوتی رہی، جس سے پورا علاقہ دھوئیں اور گیس کے بادلوں سے ڈھک گیا، اور لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔
آگ کی لپیٹ میں آ کر قریبی ناریل کے باغات کو بھی نقصان پہنچا، جہاں ابتدائی اندازوں کے مطابق 500 سے زائد درخت جل گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریونیو اور پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے اور احتیاطی اقدام کے طور پر ایرسومندا گاؤں کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا۔ اس کے علاوہ پانچ کلومیٹر کے دائرے میں آنے والے علاقوں کے مکینوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
او این جی سی کے اعلیٰ حکام اور تکنیکی ٹیمیں راجمندری سے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کیں۔ اس واقعہ پر آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزراء اور ضلعی حکام سے فون پر بات کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ عوام کی سلامتی کو اولین ترجیح دی جائے اور امدادی کارروائیوں میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے، ساتھ ہی او این جی سی کے ساتھ مکمل تال میل قائم کر کے آگ کو جلد از جلد قابو میں لایا جائے۔
అంబేద్కర్ కోనసీమ జిల్లా…
మల్కిపురం మండలం ఇరుసుమండ గ్రామంలో గ్యాస్ లీక్
భారీగా ఎగజీమ్ముతున్న గ్యాస్ …
ఒ ఎన్ జి సి అధికారులకు సమాచారం అందించిన స్థానికులు ..
ఘటనా స్థలానికి వెళుతున్న ఓ ఎన్ జి సి అధికారులు, ఫైర్ , పోలీసు అధికారులు …
భయాందోళనలో గ్రామస్తులు…#gasleak #fire… pic.twitter.com/7jwvSMEJYN— TV9 Telugu (@TV9Telugu) January 5, 2026
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ حادثہ پیداوار بڑھانے سے متعلق کاموں کے دوران پیش آیا ہو سکتا ہے، تاہم واقعہ کی مکمل جانچ جاری ہے۔


