حیدرآباد (دکن فائلز) مغربی بنگال کے ضلع باسیراٹ کے نارتھ اسمبلی حلقے میں انتخابی فہرست سے ایک ہی بوتھ کے 340 ووٹروں کے نام حذف کیے جانے پر بڑا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ متاثرہ افراد کا تعلق مسلم برادری سے بتایا جا رہا ہے اور یہ سب بورو گوبرا گاؤں کے بوتھ نمبر 5 کے ووٹرز ہیں۔
حیران کن بات یہ ہے کہ اس فہرست میں بوتھ لیول آفیسر محمد شفیع العالم کا نام بھی شامل ہے۔ مقامی افراد نے اس اقدام کو امتیازی قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا اور سڑکوں پر نکل آئے۔
متاثرہ ووٹر کجیرول منڈل کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے درکار دستاویزات جمع کرانے کے باوجود ان کے نام حذف کر دیے گئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کئی افراد نے ایک سے زیادہ دستاویزات جمع کرائیں، پھر بھی انہیں فہرست سے نکال دیا گیا۔
حکام کے مطابق 358 افراد کو جانچ کے لیے طلب کیا گیا تھا، جن میں سے 340 کو بالآخر حذف کر دیا گیا۔ متاثرین نے اس اقدام کو سیاسی دباؤ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے۔


