نماز! روح کی غذا، جسم کی شفا، ذہنی صحت کے مفید اور عبادت بھی: نمیتا تھاپر کے بیان نے ایک بار پھر عظیم عبادت کی اہمیت اجاگر کر دیا (ویڈیو ضرور دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) شارک ٹینک انڈیا کی معروف جج اور ایمکور فارماسٹیکلس کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نمیتا تھاپر نے نماز کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایک خوبصورت پیغام دیا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر توجہ حاصل کی ہے۔

عید کے موقع پر اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد شیئر کی گئی ویڈیو میں انہوں نے نماز کو نہ صرف ایک روحانی عبادت بلکہ جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے بھی نہایت مفید عمل قرار دیا۔

نمیتا تھاپر کے مطابق نماز ایک ایسا مکمل عمل ہے جو جسم کے مختلف حصوں کو متحرک کرتا ہے، خون کی روانی کو بہتر بناتا ہے اور ذہنی سکون اور یکسوئی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نماز کی مختلف حالتیں یوگا کی مشہور پوزیشنز، خاص طور پر “وجر آسن” سے مشابہت رکھتی ہیں، جو ہاضمے کو بہتر بنانے اور جسمانی توازن قائم رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

ان کے مطابق نماز کے دوران توجہ اور خشوع انسان کو ذہنی دباؤ سے نکال کر سکون کی کیفیت میں لے آتا ہے اور روزمرہ زندگی کے ہنگاموں سے ایک روحانی وقفہ فراہم کرتا ہے۔ نماز محض ایک جسمانی عمل نہیں بلکہ اللہ سے براہِ راست تعلق کا ذریعہ ہے۔

یہ وہ عبادت ہے جو بندے کو دن میں پانچ مرتبہ اپنے رب کے حضور جھکنے کا موقع دیتی ہے، جس سے دل کو سکون ملتا ہے، گناہوں سے بچنے کی قوت پیدا ہوتی ہے اور انسان میں عاجزی و شکرگزاری کا جذبہ بیدار ہوتا ہے۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق نماز دین کا ستون ہے اور یہ مومن کی کامیابی کا بنیادی ذریعہ ہے۔

نمیتا تھاپر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اجتماعی نماز لوگوں کے درمیان محبت اور بھائی چارہ بڑھاتی ہے۔ سماجی تعلقات کو مضبوط کرتی ہے اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہونے کا احساس پیدا کرتی ہے۔

ان کی اس پوسٹ کو ہزاروں افراد نے سراہا، جہاں کئی صارفین نے اسے مذہبی ہم آہنگی اور مثبت سوچ کی مثال قرار دیا۔ بعض لوگوں نے مختلف آرا کا اظہار بھی کیا، تاہم بڑی تعداد میں صارفین نے ان کے خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ روحانیت ہر مذہب میں انسان کو سکون دیتی ہے۔

نماز وہ عبادت ہے جو انسان کو برائیوں سے روکتی ہے، صبر و تحمل سکھاتی ہے اور دل و دماغ کو پاکیزگی عطا کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نماز کو مومن کی معراج کہا گیا ہے، جہاں بندہ اپنے رب کے قریب ترین ہوتا ہے۔

نمیتا تھاپر کے اس بیان نے ایک بار پھر یہ حقیقت واضح کر دی ہے کہ نماز صرف ایک مذہبی فریضہ ہی نہیں بلکہ ایک مکمل طرزِ زندگی ہے، جو روحانی سکون، جسمانی توازن اور سماجی ہم آہنگی کا حسین امتزاج پیش کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں