حیدرآباد (دکن فائلز) سمراٹ وکرم ادتیہ یونیورسٹی، اجین میں بی کام اور بی سی اے کے طلبا کے امتحانی پرچہ میں ایک مذہبی سوال نے تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ ہندی کے فاؤنڈیشن کورس کے پرچہ میں طلبا سے پوچھا گیاکہ “کیا اللہ کے سوا کوئی خدا ہے؟” جس کے جواب میں متعدد آپشنز دیے گئے تھے۔
یہ سوال سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ہندو تنظیموں نے سخت اعتراض کرتے ہوئے اسے مذہبی حساسیت کے منافی قرار دیا اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ارپن بھردواج نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کنٹرولر آف ایگزامینیشن کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
کنٹرولر امتحانات ایم کے دویدی کے مطابق اس معاملے پر بدھ کو امتحانی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں پرچہ تیار کرنے والے فرد کی نشاندہی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن کورس کے ہندی مضمون میں بعض اوقات مذہبی نوعیت کے سوالات شامل ہوتے ہیں، تاہم اس سوال کی مناسبت اور درستگی کا فیصلہ تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔ ساتھ ہی یہ بھی طے کیا جائے گا کہ طلبا کو اس سوال کے نمبر کس بنیاد پر دیے جائیں۔


