حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ ایڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات 2026 کا مکمل شیڈول جاری کر دیا ہے۔ طلبا 13 اپریل سے 20 اپریل تک فیس جمع کرا کے امتحانات کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
بورڈ کے مطابق انٹر کے حالیہ نتائج میں فرسٹ ایئر میں 66.94 فیصد جبکہ سیکنڈ ایئر میں 75.61 فیصد طلبا کامیاب قرار پائے۔ جو طلبا ایک یا زائد مضامین میں ناکام ہوئے ہیں یا اپنے نمبر میں اضافہ چاہتے ہیں، وہ سپلیمنٹری امتحانات میں شرکت کر سکتے ہیں۔
امتحانات 13 مئی سے شروع ہو کر 21 مئی 2026 تک جاری رہیں گے، جبکہ روزانہ دو سیشنز میں پیپرز لیے جائیں گے۔ فرسٹ ایئر کے امتحانات صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک، جبکہ سیکنڈ ایئر کے امتحانات دوپہر 2:30 سے شام 5:30 بجے تک ہوں گے۔
پریکٹیکل امتحانات 22 مئی سے 25 مئی تک منعقد ہوں گے، جبکہ 26 مئی کو انگلش پریکٹیکل اور ایتھکس و ہیومن ویلیوز، اور 28 مئی کو انوائرنمنٹل ایجوکیشن کے امتحانات ہوں گے۔

ری کاؤنٹنگ اور ری ویریفکیشن کے لیے بھی طلبا 13 اپریل سے 20 اپریل تک آن لائن درخواست دے سکتے ہیں، جس کے لیے فی پرچہ 100 روپے (ری کاؤنٹنگ) اور 600 روپے (ری ویریفکیشن) فیس مقرر کی گئی ہے۔
اس سال تقریباً 9.5 لاکھ طلبہ نے امتحانات دیے، جن میں طالبات نے طلبا کے مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔ اضلاع میں میڑچل نے سب سے زیادہ کامیابی (82.73 فیصد) حاصل کی، جبکہ سرسلہ سب سے کم (58.69 فیصد) پر رہا۔
بورڈ نے واضح کیا ہے کہ ووکیشنل کورسز کے طلبا کے لیے بھی یہی تاریخیں لاگو ہوں گی، تاہم ان کا تفصیلی شیڈول الگ سے جاری کیا جائے گا۔


