حیدرآباد (دکن فائلز) بہار کی سیاست میں ایک بڑا موڑ آ گیا ہے، جہاں طویل عرصہ تک اقتدار میں رہنے والے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے منگل 14 اپریل 2026 کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جسے گورنر سید عطاء حسنین نے منظور کر لیا۔
استعفیٰ دینے سے قبل نتیش کمار نے اپنی آخری کابینہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں انہوں نے وزراء کو کونسل آف منسٹرز تحلیل کرنے کے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا، جو آئینی تقاضہ ہے۔ نتیش کمار کے استعفیٰ کے ساتھ ہی بہار کی سیاست میں ایک دور کا اختتام ہو گیا۔
وہ گزشتہ تقریباً 21 برسوں سے مختلف ادوار میں وزیر اعلیٰ کے منصب پر فائز رہے اور نومبر 2025 میں انہوں نے دسویں مرتبہ حلف لیا تھا۔ دوسری جانب، نائب وزیر اعلیٰ سمرت چودھری کو بی جے پی کی جانب سے قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے، جس کے بعد وہ ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ بننے جا رہے ہیں۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ بہار میں بی جے پی اپنی قیادت میں حکومت قائم کرے گی۔ ذرائع کے مطابق 2025 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی 89 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری تھی، جس کے بعد پارٹی کو حکومت سازی کا موقع ملا۔
اطلاعات کے مطابق نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب 15 اپریل کو لوک بھون میں منعقد ہوگی، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی شرکت بھی متوقع ہے۔


