حیدرآباد (دکن فائلز) مودی کے پکے بھکت اور بی جے پی کے رکن اسمبلی شیام پرکاش کے ایک بیان نے سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے، جس میں انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ “پتھروں کی نہیں بلکہ نریندر مودی اور یوگی ادتیہ ناتھ کی پوجا کریں”۔
یہ بیان ایک عوامی تقریب کے دوران سامنے آیا جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا اور اسے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور شخصیت پرستی کو فروغ دینے کی کوشش قرار دیا۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بیانات نہ صرف مذہبی عقائد کی توہین کے مترادف ہیں بلکہ جمہوری اقدار کے بھی خلاف ہیں، جہاں عوامی نمائندوں کو جوابدہ ہونا چاہیے نہ کہ انہیں “پوجا” کا درجہ دیا جائے، وہ عوام کے خادم ہیں۔
اپوزیشن جماعتوں، خصوصاً ترنمول کانگریس اور دیگر رہنماؤں نے اس بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی رہنما مذہب اور سیاست کو خطرناک انداز میں ملا رہے ہیں۔ دوسری جانب بی جے پی کے حامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے اور اس کا مقصد صرف قیادت کی تعریف کرنا تھا۔


