رامائن پر بیان: اداکار پرکاش راج کو 100 کروڑ ہرجانے کی دھمکی

حیدرآباد (دکن فائلز) معروف اداکار پرکاش راج ایک بار پھر تنازعہ کی زد میں آگئے ہیں۔ رامائن سے متعلق اپنے حالیہ بیانات کے بعد انہیں قانونی نوٹس جاری کرتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، بصورت دیگر 100 کروڑ روپے کے ہرجانے کے دعوے کی دھمکی دی گئی ہے۔

یہ نوٹس جی بھانو پرکاش ریڈی کی جانب سے ان کے وکیل نے بھیجی ہے، جن کا تعلق تروملا تروپتی دیواستھانم (ٹی ٹی ڈی) بورڈ سے ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ اداکار کے بیانات نہ صرف رامائن کی غلط تشریح پر مبنی ہیں بلکہ ہندو عقائد اور مذہبی جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔

الزام ہے کہ پرکاش راج نے ایک عوامی تقریب کے دوران کہا کہ بھگوان رام اور لکشمن شمالی ہندوستان سے آئے اور جنوبی علاقوں، خصوصاً سری لنکا پر “حملہ” کیا، جو کہ شکایت کنندہ کے مطابق تاریخی اور مذہبی طور پر غلط اور اشتعال انگیز بیان ہے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے بیانات نہ صرف مذہبی حساسیت کو ٹھیس پہنچاتے ہیں بلکہ ملک میں علاقائی تقسیم کو ہوا دے سکتے ہیں، خاص طور پر “آرین-دراوڑی” نظریہ کو فروغ دے کر۔ اداکار کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کارروائی شروع کی گئی ہے۔ نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سات دن کے اندر اخبارات اور سوشل میڈیا کے ذریعے غیر مشروط معافی مانگیں اور آئندہ ایسے بیانات سے گریز کریں، ورنہ ان کے خلاف دیوانی و فوجداری کارروائی کے ساتھ 100 کروڑ روپے کا ہرجانہ طلب کیا جائے گا۔

تاحال پرکاش راج کی جانب سے اس نوٹس پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، تاہم ماضی میں بھی ان کے بیانات مختلف سیاسی و سماجی حلقوں میں بحث کا موضوع بنتے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں