حیدرآباد (دکن فائلز) کانپور میں ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے اپنی ہی 11 سالہ جڑواں بیٹیوں کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ششی رنجن مشرا نے تیز دھار ہتھیار سے دونوں بچیوں کے گلے کاٹ دیے اور بعد میں خود ہی پولیس کو فون کر کے جرم کا اعتراف کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اتوار کی علی الصبح پیش آیا جب بچیاں اپنے والد کے ساتھ کمرے میں سو رہی تھیں۔ ملزم کی بیوی کے مطابق وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور اکثر گھریلو جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ اس نے الزام لگایا کہ شوہر اسے تشدد کا نشانہ بناتا تھا اور شک کرتا تھا کہ اس کا کسی سے تعلق ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے رات کے وقت دونوں بچیوں کو کمرے میں لے جا کر قتل کیا۔ صبح کے وقت اس نے ایمرجنسی نمبر پر کال کر کے خود ہی اطلاع دی۔ جب پولیس موقع پر پہنچی تو دونوں بچیاں خون میں لت پت پائی گئیں۔ ملزم کو موقع سے ہی گرفتار کر لیا گیا جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور قتل کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔


