حیدرآباد (دکن فائلز) تمل ناڈو کے ضلع ویرودھونگر میں ایک پٹاخہ فیکٹری میں زبردست دھماکہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 18 مزدور ہلاک جبکہ 9 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔
یہ واقعہ ویرودھونگر کے قریب کٹّنار پٹی علاقہ میں واقع “ونجا” نامی نجی پٹاخہ فیکٹری میں پیش آیا، جو مٹھو مُنیانڈی نامی شخص کی ملکیت ہے۔ اتوار، 19 اپریل کی صبح مزدور معمول کے مطابق اپنے کام میں مصروف تھے کہ اچانک فیکٹری کے ایک حصے میں زور دار دھماکہ ہوا۔
دھماکہ اتنا شدید تھا کہ چند ہی لمحوں میں فیکٹری کی چار عمارتیں منہدم ہو گئیں اور آگ بھڑک اٹھی۔ حکام کے مطابق 18 مزدور موقع پر ہی زندہ جل گئے، جبکہ کئی دیگر ملبے تلے دب گئے۔ زخمیوں میں سے کم از کم 5 افراد کو ریسکیو کر کے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
واقعہ کے بعد فائر اینڈ ریسکیو سروسز اور دیگر امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ ملبہ ہٹانے اور پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
ریسکیو آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے فیکٹری مالک سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے اور مقدمہ درج کر کے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔


