حیدرآباد (دکن فائلز) اترکھنڈ کے ضلع اُدھم سنگھ نگر میں انتظامیہ کی جانب سے ایک بڑے انہدامی آپریشن کے دوران ایک مسجد اور متعدد مزارات کو مسمار کر دیا گیا، جس کے بعد علاقہ میں شدید کشیدگی اور بے چینی پھیل گئی۔
رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی صبح سویرے بھاری پولیس نفری کی موجودگی میں کی گئی، جہاں مقامی آبادی کو گھروں تک محدود رکھا گیا۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ یہ ڈھانچے سرکاری زمین پر غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے تھے اور پہلے ہی نوٹس جاری کیے جا چکے تھے۔
تاہم مقامی افراد اور مسلم تنظیموں نے اس کارروائی پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مناسب موقع نہیں دیا گیا اور یہ اقدام امتیازی سلوک کی عکاسی کرتا ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں ناراضگی پائی جا رہی ہے اور حالات پر قابو پانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔


